کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کی مرکزی ڈپٹی چیئرپرسن سابق رکن قومی اسمبلی محترمہ نسیمہ پانیزئی،مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری سابق رکن صوبائی اسمبلی محترمہ معصومہ حیات،جنوبی پشتونخوا کی صوبائی نائب صدر محترمہ وڑانگہ لونی اور صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری اولس مینہ کلیوال نے8مارچ خواتین کا عالمی دن کی مناسبت سے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی اور پشتو ن قومی اعلیٰ روایات میں خواتین کو اہم مقام حاصل ہے، اس لیے ہماری ماؤں، بہنوں،بیٹیوں نے اپنے اعلیٰ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے معاشرے سے جہالت، ناخواندگی کے خاتمے اور اپنے بچوں کی معاشرے میں بہترین تعلیم وتربیت،تہذیب وتمدن،پشتون قومی روایات، ثقافت،زبان، نظم ونسق کے شعور وآگاہی میں اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم پشتونخوامیپ کے محبوب چیئرمین،تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کی قیادت میں پشتون قومی تحریک میں اپنا فعال سیاسی جمہوری کردار ادا کرتے رہینگے۔ کیونکہ خواتین معاشرے کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ آج ہم اُن تمام خواتین کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جو تعلیم، صحت، سیاست، کاروبار، طب، سائنس اور گھریلو زندگی سمیت ہر شعبے میں اپنی محنت اور صلاحیتوں سے مثال قائم کر رہی ہیں۔ خواتین کو تعلیم، صحت، روزگار اور سماجی تحفظ کے مساوی مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔تاکہ ایک مضبوط اور ترقی یافتہ معاشرہ تشکیل پا سکے اور ایک ایسا معاشرہ قائم ہو جہاں ہر عورت خود کو محفوظ اور بااختیار محسوس کرے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ خواتین کسی بھی معاشرے کی ترقی میں بنیادی ستون کی حیثیت رکھتی ہیں۔آج کے دن کی مناسبت سے انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے تاکہ وہ معاشرے کی ترقی میں مزید مؤثر کردار ادا کر سکیں۔
خواتین کی عزت اور حقوق کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔نسیمہ حفیظ پانیزئی،معصومہ حیات

ٹیگز:
خواتین
