حیدرآباد (ڈیلی گرین گوادر)چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ سندھ اور پاکستان کے عوام کینال کے منصوبے کو مسترد کرتے ہیں، ہم نے عوام کے حقوق کی جنگ ہمیشہ لڑی ہے۔حیدرآباد میں جلسے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمر کورٹ کے قومی اسمبلی کے ضمنی الیکشن میں پیپلزپارٹی کی جیت مبارک ہو، سندھ کے عوام نے ایک بار پھر ثابت کردیا ہے کہ وہ پیپلزپارٹی کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حیرت تو اس بات پر ہے کہ ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف اور ن لیگ ایک پیج پر تھے، مگر عوام نے انہیں تاریخی شکست دی اور وہ منھ دکھانے کے قابل نہیں رہے، یہ سب ایک ہی نکتے ہر ڈٹے تھے کہ پی پی کو ہرانا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی پی کے ووٹرز نے اسلام آباد کو شکست دی ہے، اور یہ پیغام بھیجا ہے کہ اس صوبے کے عوام شہید بے نظیر بھٹو اور صدر آصف زرداری کے ساتھ آج بھی کھڑے ہیں۔
انہوں نے عوام سے مخاطب ہوکر مزید کہا کہ آپ نے پیپلزپارٹی کو فتح سے ہمکنار کر کے ثابت کردیا ہے کہ سندھ اور پاکستان کے عوام کینال کے منصوبے کو مسترد کرتے ہیں، پیپلزپارٹی نے اس ملک کے عوام کی جنگ ہمیشہ لڑی ہے، ہم پاکستان کھپے کہنے والوں میں سے ہیں۔بلاول بھٹو نے کہا کہ اس شخص، اس قیدی نمبر 420 نے ان چھ کینالوں میں سے دو کینالوں کی اجازت دی تھی، اس وقت بھی پیپلزپارٹی نے مزاحمت کی تھی، اس لیے ہم سمجھتے ہیں کہ پانی کی منصفانہ تقیسم ہماری قومی اور عالمی ذمے داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک ایسا مسئلہ جو وفاق کو خطرے میں ڈال سکتا ہے، جو عالمی سطح پر پاکستان کو مسئلے میں ڈال سکتا ہے، تو اس وقت جب عمران خان نے دو کینال کی اجازت دی تو پیپلزپارٹی کے جیالوں نے ان کا ڈٹ کر مقابلہ کیا تھا اور اس کے بعد عوام کی طاقت سے عدم اعتماد لے کر آئے اور دو کینال کی اجازت دینے والے کو گھر بھیج دیا تھا۔

