قوم پرست جماعتوں نے عوام کی خدمت کی بجائے انہیں صرف خوشنما نعرے دیئے ،حاجی علی مددجتک

کوئٹہ : پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر حاجی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ قوم پرست جماعتوں نے عوام کی خدمت کی بجائے انہیں صرف خوشنما نعرے دیئے ہیں سریاب کے عوام پینے کے صاف پانی،تعلیم،صحت سمیت دیگر سہولیات سے محرو م ہیں،پاکستان پیپلزپارٹی ہی وہ واحد سیاسی و جمہوری جماعت ہے جو عوام کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ یہ بات انہو ں نے جمعہ کو اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کرنے والے سریاب کے مختلف علاقوں کے کارکنوں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ سریاب کی عوام نے ہمیشہ پیپلز پارٹی کاساتھ دیا ہے اور پیپلز پارٹی نے بھی ہمیشہ سریاب کی عوام کی خدمت کی ہے پیپلز پارٹی کے دور میں سریاب میں لوگوں کو روزگار،پینے کا صاف پانی،صحت اور تعلیم سمیت دیگربنیادی سہولیات ملیں جبکہ جب سے پیپلز پارٹی کو سریاب کی نمائندگی سے محروم رکھا گیا ہے عوام گواہ ہے کہ انکی بہتری کیلئے کوئی ایک کام بھی نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ 2018ء کے انتخابات میں سریاب کی عوام نے پیپلز پارٹی کو ووٹ دیالیکن ہمارے مینڈیٹ کو چرا کر ایسے لوگوں کو ایوان میں بھیجا گیا ہے جنہیں سریاب کے نوجوان صرف جلسوں،ریلیوں کے لئے درکار ہیں انکی بہتری،فلاح و بہبود کیلئے کچھ نہیں کیا گیا سریاب کے پڑھے لکھے نوجوان آج روزگار سے محروم عوام،پانی،بجلی،گیس،تعلیم،صحت کو ترس رہے ہیں لیکن انکے نام نہاد نمائندے منہ چھپائے بیٹھے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نعرے لگانے اور عملی خدمت کرنے میں فرق ہے یہی وجہ ہے کہ پیپلز پارٹی نے روٹی،کپڑا اورمکان کا نعرہ لگانے کے ساتھ ساتھ لوگوں کو یہ سہولیات عملی طور پر فراہم بھی کیں۔انہوں نے کہا کہ عوام موجودہ نمائندوں سے اس قدر مایوس ہوچکے ہیں کہ اب انہوں نے اپنے مسائل بتانے بھی چھوڑدیئے ہیں اور یہ نمائندے اب پریشان ہیں کہ وہ کہاں جائیں۔انہوں نے کہا کہ سریاب میں آنے والا دور پاکستان پیپلز پارٹی کاہوگا اور لوگ دیکھیں گے کہ سریاب دن دگنی اور رات چوگنی ترقی کیسے کرتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے