ہم نے کبھی سوچا نہیں تھا کہ پی ڈی ایم کی جماعتیں عوامی جماعت پر پابندی لگائیں گی،ڈاکٹر مالک بلوچ
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)نیشنل پارٹی کے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ قرارداد سن کر افسوس ہورہا ہے وہ جماعتیں جن کے ساتھ ملکر ہم نے جمہوریت،آئین کی بالادستی کی جدوجہد کی اور قربانیاں دیں وہی آج پابندی کی قرار داد لائی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کیا ہم نے جماعت اسلامی، نیپ، کمیونسٹ پارٹی پر پابندی لگاکر رسوائی کے علاوہ کچھ حاصل کیا؟بلوچستان کی پارلیمنٹ نے ہمیشہ ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے آج اس اسمبلی سے آئین کیخلاف اقدام کیا جارہا ہے بتایا جائے کہ پاکستان کہاں جارہا ہے آئین کی پروا نہیں کی جارہی آٗین معطل کردیا گیا ہے ملک میں مکمل آمریت ہے ہم مزید آمریت نہیں مانیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سے زائد ڈنڈے ہم نے مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی کے ساتھ کھائے ہیں ہم نے کبھی سوچا نہیں تھا کہ پی ڈی ایم کی جماعتیں عوامی جماعت پر پابندی لگائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ بہت بے رحم ہے یہ وقت گزر جائے گا اس فورم پر لوگوں نے نواز شریف کو کیا کچھ نہیں کہا آج وہی لوگ نواز شریف کی جماعت میں شامل ہیں ایسا نہ ہو کل انکوبھی پی ٹی آئی میں جانا پڑے۔انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری، نواز شریف اور شہباز شریف کے اس اقدام سے تکلیف پہنچ رہی ہے وہ بلوچستان سے غیر آئینی قرار داد منظور کروا رہے ہیں ہمیں اس گناہ میں شامل نہیں ہونا لہذا ہم ایوان سے جارہے ہیں۔