ہمیں بلدیاتی اداروں کو آؤٹ سورس کرکے چلانا چاہیے، جام کمال خان
تربت: وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان بدھ کے روز تربت پہنچے جہاں کمشنر مکران ڈویژن شاہ عرفان غرشین اور دیگر اعلی حکام نے ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔ بعد ازاں وزیراعلی نے کمشنر آفس میں تربت سٹی ڈویلپمنٹ پراجیکٹ فیز 2 کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر نور محمد دمڑ، صوبائی مشیر حاجی اکبر آسکانی، ایم این اے نوابزادہ عامر خان مگسی، رکن صوبائی اسمبلی لالہ رشید بلوچ، چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا، ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی و ترقیات سمیت صوبائی سیکرٹریوں نے شرکت کی۔ اجلاس کو کمشنر مکران شاہ عرفان غرشین نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تربت سٹی ڈویلپمنٹ پراجیکٹ منصوبہ تقریباً 5 ارب 14کروڑ کی منظور شدہ تخمینے سے 2013 میں شروع کیا گیا تھا منصوبے کا فیز ون جس پر تقریباً 2ارب 29کروڑ کی لاگت آئی ہے 2018میں مکمل کیا گیا جبکہ دوسرے مرحلے میں 2ارب 85 کروڑ کی رقم مختص کی گئی ہے جس پر کام کا آغاز 2019میں شروع کیا گیا تھا۔جسکی تکمیل 2023 میں متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ پروجیکٹ کے تحت تربت شہر کی شاہراؤں کی تعمیر کے علاوہ دیگر منصوبے بھی شامل ہیں جس میں ٹیچنگ ہسپتال تربت کی تعمیر ومرمت اور تزئین و آرائش، متاثرہ دکانوں کی تعمیر، چوکوں اور چوراہوں پر مونومنٹ کی تنصیب کے علاوہ عوامی سہولیات کے دیگر منصوبے بھی شامل ہیں۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ تربت سٹی ڈویلپمنٹ پراجیکٹ فیز 2 پر عملدرامد کو یقینی بناتے ہوئے مقررہ مدت میں تمام شاہراہوں کی تعمیر کی تکمیل کے علاوہ بنیادی سہولیات کے کمپوننینٹ بھی شامل کئے جائیں تاکہ عوام کو ساری سہولیات اپنے شہر میں دستیاب ہوں۔ وزیراعلی نے ترقیاتی کام کے تمام مرحلے میں تعمیراتی کوالٹی کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے چیف سیکرٹری بلوچستان کو ہدایت کی کہ ڈویژنل سطح پر کمشنروں کے ساتھ مربوط رابطہ سازی کے لئے سول سیکریٹریٹ کے اعلیٰ انتظامی افسر کو ترقیاتی کاموں پر عملدرامد کے لیے تعینات کیا جائے تاکہ ترقیاتی کاموں میں دفتری پیچیدگیوں کا خاتمہ کیا جاسکے اور ترقیاتی کام بغیر کسی روکاوٹ کے اپنے مقرر وقت پر مکمل ہوسکیں۔ اجلاس میں بلدیاتی اداروں کو بااختار بنانے سمیت مختلف امور پر تجاویز پر بھی بحث ہوئی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہمیں بلدیاتی اداروں کو آؤٹ سورس کرکے چلانا چاہیے تاکہ یہ اپنے افرادی قوت کو مینیج کرکے ایک بہتر انداز میں کام کرسکیں۔ اس دوران وزیر اعلیٰ بلوچستان نے تربت سٹی کی شاہراہوں کی تعمیر کے دوران بلیک ٹاپ سڑکوں کے ارتھ ورک، کارپیٹنگ اور اسکی تھکنیس کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ دریں اثناء وزیراعلی بلوچستان نے مکران ٹیچنگ ہسپتال منصوبے کی سائٹ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے 200 بستروں پر مشتمل ہسپتال کے منصوبے کی سائٹ کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہیں منصوبے سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی اور بتایا گیا کہ منصوبہ کی لاگت کا تخمینہ 2514.50 ملین روپے ہے۔ وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کے منصوبے کا باقاعدہ سنگ بنیاد رکھا اور سائٹ کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نور محمد دمڑ، صوبائی مشیر حاجی اکبر آسکانی، ایم این اے نوابزادہ عامر خان مگسی، رکن صوبائی اسمبلی لالہ رشید بلوچ اور چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا بھی موجود ہیں۔ کمشنر مکران شاہ عرفان غرشین نے وزیر اعلی کو منصوبے سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ منصوبہ پر 250 ملین روپے کی لاگت آئے گی۔ وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے ٹیچنگ ہسپتال میں آپریشن تھیٹر اور کووڈ 19 بلاک کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ وزیراعلی نے ٹیچنگ ہسپتال میں آپریشن تھیٹر اور کووڈ 19 بلاک کے سنگ بنیاد کے تعمیراتی کام کا معائنہ کیا