کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ مادری زبانوں کے عالمی دن 21فروری کی مناسبت سے پارٹی کے زیر اہتمام ملک وبیرون ملک، پشتونخواوطن، جنوبی پشتونخوا کے تمام اضلاع میں اجتماعات، سیمینار، تقاریب کا انعقادکیا جائیگا اور مختلف اضلاع میں ریلیاں نکالی جائینگی۔ مرکزی تقریب کوئٹہ میں چار جماعتی اتحادبلوچستان (پشتونخوامیپ، بی این پی، نیشنل پارٹی، ایچ ڈی پی) کے زیر اہتمام بمقام ڈپٹی کمشنر کوئٹہ /ڈی آر او دفتر کے سامنے احتجاجی دھرنے کے مقام پردوپہر 2بجے منعقد ہوگی۔ جس سے چار جماعتی اتحاد کے رہنماؤں سمیت پارٹی کے مرکزی وصوبائی قائدین، اساتذہ، پروفیسرز، ادیب، ڈاکٹرز، وکلاء،شعراء،فنکار،اداکار، انجمن تاجران، ٹرانسپورٹرز، سول سوسائٹی کے نمائندگان سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت وخطاب کرینگے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ21فروری مادری زبانوں کے عالمی دن پر ہم اس عہد کا اعادہ کرتے ہیں کہ محکوم اور مظلوم عوام کے مادری زبانوں کو قومی زبان کا درجہ دلانے اور اُن کے ثقافتوں اور تہذیبوں کے فروغ میں اپنا مثبت اور تاریخی اور تعمیری کردار ادا کرتے رہینگے اور پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ پشتو زبان کو تعلیمی، سرکاری دفتری،عدالتی اور کاروباری زبان کے طور پر رائج کرنے اور اس کے فروغ اور ترقی کیلئے مثبت تعمیری اقدامات اٹھائیں جائیں۔ بیان میں اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسکو کی جانب سے 21فروری کو مادری زبانوں کے عالمی دن منانے کے اعلان کو دراصل عالم انسانیت اور قوموں کے مادری زبانوں کی طویل تاریخ کے عظیم الشان ورثے کی حفاظت، فروغ، ترقی کے انتہائی اہمیت اور مثبت تاریخی اقدام پر انہیں داد تحسین پیش کیا گیا ہے۔اسی طرح پشتوزبان کو گوگل کا حصہ بنانے والے پشتون ماہرین کے مشکور ہیں جنہوں نے دن رات محنت کرکے پشتو کو گوگل کا حصہ بناکر ہمیشہ کیلئے محفوظ کردیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی ہر سال مادری زبانوں بالخصوص پشتو زبان کی ترقی وترویج کیلئے خاص طور پر اس دن کو مناتی چلی آرہی ہیں اور اس سال بھی اس دن کوہر سطح پر منایا جائیگا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ آج کے دن کی مناسبت سے اپنی مادری زبان،قومی تاریخ،قومی ثقافت، تہذیب وتمدن کے مثبت فروغ وترقی کیلئے تمام باشعور، جمہوریت پسند عوام مادری زبانوں کے ان اجتماعات وتقاریب میں شرکت کرکے اپنی قومی زبان،ثقافت اور تاریخ سے یکجہتی کا اظہار کریں۔
مادری زبانوں کے عالمی دن 21فروری کی مناسبت سے پارٹی کے زیر اہتمام ملک وبیرون ملک سیمینار کا انعقادکیا جائیگا ،پشتونخواملی عوامی پارٹی

ٹیگز:
پشتونخواملی عوامی پارٹی
