کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) سیاسی جماعتوں، سول سوسائٹی اور صحافیوں نے کہا ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے سیاسی جماعتوں کو اپنے منشور میں واضح طور پر خواتین کے مسائل کا ذکر اور انہیں حل کرنے کا اعادہ کرنے کی ضرورت ہے، قانون سازی میں خواتین کو اہمیت دینے کے ساتھ ساتھ اسمبلیوں کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی ضرورت ہے، بنیادی مسائل کا حل نکالنا بلدیاتی اداروں کا کام ہے اسمبلی اپنی سطح کے مسائل پر توجہ مرکوز رکھے، صنفی تشدد اور عدم برداشت کے واقعات کی روک تھام کے لئے معاشرتی اقتدار میں تبدیلی کی ضرورت ہے، یہ بات سابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ حمید خان درانی، بلوچستان کمیشن آن اسٹیٹس آف وویمن کی چیئر پرسن فوزیہ شاہین،شابینہ ایاز،ی ٹی آئی کے رہنماء زین العابدین خلجی، ثناء درانی، سینئر صحافی سلیم شاہد، زہرہ حسن، صدف سمیت دیگر نے منگل کو وویمن لیب کے زیر اہتمام انتخابی منشور میں خواتین کو بااختیار بنانے کے موضوع پر منعقدہ نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ مقررین نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے ریاست اور اس کے معاملات کو بہتر انداز میں کام کرنے کی ضرورت ہے آنے والے دنوں میں انتخابات کے بعد بننے والی حکومتوں کو چاہیے کہ وہ خواتین کے لئے امن و تحفظ،غربت میں خواتین کے مسائل، صنفی بنیادوں پر تشدد کے خاتمے، خواتین کے تحفظ کے لئے قانون سازی سمیت دیگر اقدامات کریں۔ مقررین نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو اپنے منشور میں خواتین کو بااختیار بنانے کے پہلوکو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے قومی سطح کی سیاسی جماعتوں کے منشور میں خواتین کے مسائل پر بات کی جاتی ہے لیکن مقامی سیاسی جماعتوں میں صرف اور صرف مسائل کا ذکر ہوتا ہے لیکن ان کے حل پر بات نہیں کی جاتی۔مقررین نے کہا کہ اسمبلیوں میں ایسی خواتین کو ترجیح دی جاتی ہے جو یا تو سیاسی جماعتوں کے قائدین کے خاندان سے تعلق رکھتی ہیں یا پھر وہ با اثر ہوتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ خواتین نے پارلیمنٹ میں اپنے طور پر بہتر کام کرنے کی کوشش کی ہے لیکن اس کردار کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔مقررین نے کہا کہ آگاہی کے ساتھ ساتھ معاشرے میں پائے جانے والے سماجی رسم و رواج پر توجہ دینے کی بھی ضرورت ہے تاکہ اجتماعی رویوں میں تبدیلی لائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ عوام سیاسی جماعتوں سے انکا منشور پوچھیں اور پھر ووٹ دینے یا نہ دینے کا فیصلہ کریں جب عوام کا دباؤ ہوگا سیاسی جماعتیں ازخود اپنے منشور پر عملدآمد کرنے کی پابند ہونگی۔
خواتین کو اہمیت دینے کے ساتھ ساتھ اسمبلیوں کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی ضرورت ہے، راحیلہ حمید خان درانی

ٹیگز:
راحیلہ حمید خان درانی
