صرف دعوؤں پر یقین نہیں رکھتے عملی خدمت سے اپنے وعدے پورے کرکے دکھائیں گے، زرک مندوخیل

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما حلقہ پی بی 42 کوئٹہ 5سے نامزد امیدوار زرک خان مندوخیل نے کہا ہے کہ صرف دعوؤں پر یقین نہیں رکھتے عملی خدمت سے اپنے وعدے پورے کرکے دکھائیں گے، پی ٹی آئی کے دور میں عوام کو جو محرومیاں ملی ہیں وہ دور کردیں گے۔ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے پیون کالونی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر پی ٹی آئی کے متعدد ارکان نے زرک خان مندوخیل کی قیادت میں مسلم لیگ (ن)میں شمولیت کا اعلان کیا، زرک خان مندوخیل نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت نے عوام کو صرف سبز باغ دکھائے ہمارے قائد میاں نواز شریف کی کارکردگی پوری دنیا کے سامنے ہے، انتخابی مہم میں بڑی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں حلقے کے لوگوں کو یقین دہانی کراتا ہوں کہ ہمارا رابطہ نہیں ٹوٹے گا،اقتدار ملے یا نہ ملے عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے ہر وقت حاضر ہوں، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن عوامی خدمت کا نام ہے،آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ن قائد میاں نواز شریف کی قیادت میں ملک بھر میں کامیابی کے جھنڈے گاڑے گی،انہوں نے کہا کہ کوئٹہ مسلم لیگ ن کا گڑھ بن چکا ہے، یہاں کی اکثریتی نشستوں پر پارٹی کی کامیابی یقینی ہے، درایں اثناء موتی رام روڈ پرکارنرمیٹنگ میں شہید محمد سلیم جدون کے صاحبزادے محمد عامر خان جدون نے ساتھیوں سمیت زرک خان مندوخیل کی حمایت کا اعلان کیا،فاطمہ جناح روڈ نواب بگٹی اسٹریٹ میں شکیل احمد نے ساتھیوں اور علاقے کے بزرگوں سمیت زرک خان مندوخیل کی حمایت کا اعلان کردیا،ریلوے کالونی زرغون روڈ میں صلاح الدین کبزئی، سلیم مسیح اور وقاص کی جانب سے منعقدہ کارنر میٹنگ میں علاقے کے لوگوں نے زرک خان مندوخیل کو عام انتخابات میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی، زرک خان مندوخیل نے لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے