خان شہید کے متعین کردہ قومی اہداف کے حصول تک جدوجہد سے کبھی بھی اور کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے، ڈاکٹر حامد خان اچکزئی
لورالائی (ڈیلی گرین گوادر) شہید سردار اشرف خان کاکڑ کی پشتون غیور ملت کے قومی ارمانوں کی تکمیل کے لیے کی جانے والی جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، شہید رہنما نے خان شہید عبدالصمد خان چکزئی کے متعین کردہ راہ پر چلتے ہوئے جام شہادت نوش کی ہم شہید رہنما کو ان کی پہلی برسی کے موقع پر خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پشتونخوامیپ لورالائی کے زیر اہتمام شہید سردار اشرف خان کاکڑ کی پہلی برسی کے موقع پر منعقدہ جلسہ عام سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جس کی صدارت پشتونخوامیپ کے ڈپٹی چیئرمین عبدالروف لالا نے کی۔ جلسہ عام سے مرکزی سیکرٹری ڈاکٹر حامد خان اچکزئی، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری دوست محمد لونی،ضلعی سینئر معاونین سردار ثاقب خان کاکڑ، سردا جعفر خان اوتمانخیل،ضلعی معاونین احمد جان ناصر،سید ولی محمد، شینگل خان ترین،مولوی اسلم اور دیگرمقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پشتونخوامیپ کے کارکنوں کو اس گناہ کی سزا دی جارہی ہے کہ وہ بولان سے چترال تک متحدہ پشتون قومی وحدت اپنے قدرتی وسائل پر پشتون غیور ملت کے قومی واک واختیار اپنے مادری زبان پشتو کو درس وتدریس کی زبان قرار دینے، ملک میں جمہوریت آئین و قانون کی بالادستی بااختیار پارلیمنٹ کا مطالبہ کیوں کررہے ہیں۔ لیکن ہم بتانا چاہتے ہیں کہ ان مطالبات کی تکمیل کے لیے خان شہید 34 سال پابند سلاسل رہے ہیں اور ہم سردار اشرف خان کاکڑ شہید کی پہلی برسی کے موقع پر ایک مرتبہ پھر یہ عہد کرتے ہیں کہ خان شہید کے متعین کردہ قومی اہداف کے حصول تک جدوجہد سے کبھی بھی اور کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے۔