مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے ہمیشہ ملک و صوبے کی ترقی و خوشحالی اور اصلاحات کو ترجیح دی ہے، شیخ جعفر مندوخیل

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر و سابق صوبائی وزیر شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے ہمیشہ عوامی مسائل کے حل، بنیادی سہولیات کی فراہمی، ملک و صوبے کی ترقی و خوشحالی اور اصلاحات کو ترجیح دی ہے، بلوچستان میں شمولیتوں کے بعد پارٹی کو ملکی سطح پر تسلسل ملا ہے وفاق اور صوبے میں مسلم لیگ(ن) عوامی طاقت سے حکومت بنائے گی، ہماری ترجیح بلوچستان کے سلگتے مسائل کو حل کرنا ہے۔یہ بات انہوں نے پیر کو اپنے دفتر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر چوہدری شبیر، عبدالوہاب اٹل، ملک ظاہر کاکڑ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل میں اضافہ اور صوبے میں گڈگورننس کا فقدان ایک سنگین اور توجہ طلب مسئلہ ہے صوبے میں حکومت ملی تو اتحادی جماعتوں کے ساتھ ملکر اصلاحات کا ایجنڈا لائیں گے جس سے بلوچستان میں گورننس کے نظام میں بہتری اور بدعنوانی میں کمی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) نے ہمیشہ عوام کے مسائل کو حل کرنے اور انہیں زیادہ سے زیادہ سہولیات دینے کو ترجیح دی ہے عوام ہی ہماری سیاست کا محور ہیں ہم عوام ہی میں سے ہیں اور بخوبی علم ہے کہ آج عوام کو ریلیف کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ مسائل حل کرنے کے لئے ارادے کی ضرورت ہے جب ہماری حکومت آئے گی تو سب کو پتہ لگ جائے گا کہ عوام کے مسائل حل ہونا شروع ہوگئے ہیں اور ملک و بلوچستان ایک بار پھر درست سمت میں گامزن ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم بہترین امیدواروں کو ٹکٹ دیں گے اور آگے لائیں گے بلوچستان سے بھی وہ لوگ نظر آئیں گے جو کام کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور ملک میں اس وقت اصلاحات کی اشد ضرورت ہے ہم نے اصلاحات کا ایجنڈا طے کر لیا ہے حکومت بنی تو عوام دیکھیں گے کہ تمام شعبوں میں مثبت اصلاحات لائی جائیں گی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پارٹی میں شمولیتوں کا سلسلہ ابھی جاری ہے جلد ہی مزید شخصیات بھی شامل ہونگی مسلم لیگ(ن) بلوچستان نے اس بار جو کامیابی حاصل کی ہے اس سے پارٹی قیادت انتہائی خوش ہے اور ملک بھر میں اس سے جماعت کی پذیرائی ہوئی اور تسلسل ملا ہے عوام نے ساتھ دیا تو آئندہ وفاق و صوبے میں مسلم لیگ(ن) ہی حکومت بنائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے