این سی او سی نے کورونا کیسز بڑھنے پر اسکولز بند کرنے سمیت کئی پابندیاں دوبارہ نافذ کردیں
اسلام آباد:این سی او سی کے اجلاس کے بعد وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے بریفنگ میں بتایا کہ ملک میں کورونا وائرس کی شرح میں اضافہ ہورہا ہے اور ہمارے ہیلتھ سسٹم پر دباؤ بڑھ رہا ہے جس کی وجہ سے کچھ فیصلے کیے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں شام 6 بجے تفریحی پارک بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ اسلام آباد میں دفاتر میں 50 فیصد عملے کی حاضری کے فیصلے پر بھی عملدرآمد جاری رہے گا۔
ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ سنیما ہالز کو 15 مارچ سے کھولنے کا فیصلہ واپس لے لیا گیا ہے اور ہوٹلوں کے اندر کھانے پر بھی پابندی عائد ہوگی جب کہ شادیوں اور دیگر ان ڈور تقریبات سمیت مزارات کو بھی کھولنے کا فیصلہ واپس لے لیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیماری کے پھیلاؤ کے تناسب سے اسمارٹ لاک ڈاؤن لگاتے رہیں اور ماسک کا استعمال مستقل یقینی بنائیں جب کہ ان تمام فیصلوں پر 12 اپریل کو نظر ثانی کی جائے گی۔