نواز شریف چاروں صوبوں کا دورہ کریں گے، ن لیگ کے اجلاس میں فیصلہ
لاہور(ڈیلی گرین گوادر)مسلم لیگ (ن) کے اہم اجلاس میں نواز شریف کے ملک کے چاروں صوبوں کے دورے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا اور اہم فیصلے کیے گئے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نواز شریف چاروں صوبوں کے دورے کریں گے اور ٹکٹوں کی تقسیم کے لیے پارلیمانی بورڈکی نگرانی بھی خودکریں گے۔
ذرائع نے بتایاکہ نوازشریف 10 نومبر سے ملک بھر میں دوروں کا آغاز کریں گے۔ذرائع کے مطابق نواز شریف نے اجلاس سے خطاب میں کہا ہے کہ اگر اللہ نے پھر سے اقتدار دیا تو انصاف کے اداروں کو مضبوط کریں گے۔دوسری جانب سینیٹر عرفان صدیقی کو مسلم لیگ (ن) کی منشور کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔
رائیونڈ میں منعقدہ اجلاس میں عرفان صدیقی کو پارٹی منشور مرتب کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی۔نواز شریف نے ہدایت کی کہ یہ منشور عوامی مسائل اور دور جدید کے تقاضوں کے مطابق ہونا چاہیے اور منشور میں انصاف کے نظام میں اہم اور بنیادی اصلاحات تجویز کی جانی چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ اصلاحات تجویز کی جائیں تاکہ عام آدمی کو سستا، فوری اور بےلاگ انصاف مل سکے۔