کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم میاں نوازشریف ایک بار پھر عوام کو مہنگائی سے نکالنے واپس آرہے ہیں، 21 اکتوبر وطن سے وفا اور تجدید کا دِن ہے،پاکستان مسلم لیگ (ن)عوامی خدمت کے بل بوتے پر میدان میں اترے گی اور ریکارڈ کامیابی و کامرانی سے ہمکنار ہوگی، بلو چستان سے میاں نواز شریف کے استقبال کے لئے مرکزی قافلہ کوئٹہ سے 20اکتوبر کو ٹرین کے ذریعے روانہ ہوگا۔ یہ بات انہوں نے پیر کو کوئٹہ میں اپنے دفتر میں میاں نواز شریف کے استقبال کے لئے جا نے والے قافلے کی تیاریوں کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے صوبائی جنرل سیکر ٹری جمال شاہ کاکڑ، سیدال خان ناصر، ملک ظاہر کاکڑ، نصیر اچکزئی، نسیم الرحمن ملاخیل، عبد الوہاب اٹل سمیت دیگر بھی موجود تھے۔اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ کوئٹہ سے مسلم لیگ (ن) کا قافلہ 20اکتوبر کی صبح خصوصی ٹرین میں لاہور کے لئے روانہ ہوگا قافلے میں پارٹی کے صوبائی و ضلعی عہدیدار، کارکن کثیر تعداد میں موجود ہوں گے جبکہ میاں نواز شریف کے استقبال کے لئے تیاریاں بھی تیز کر نے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ میاں محمد نواز شریف نے ہمیشہ ملک کی خدمت کی ہے انکے ادوار میں ملک میں انفراسٹر کچر، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں مثالی ترقی،موٹر ویز ہسپتال اور یونیورسٹیاں بنیں ماضی قریب میں اتحادی حکومت کی ان تھک کوششوں کی وجہ سے ملک کو دیوالیہ کرنے کا منصوبہ کامیاب نہیں ہو سکا۔ شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ پورا پاکستان قائد نوازشریف کے ساتھ کھڑا ہے، نوازشریف ہی پورے ملک کو متحد کرسکتے ہیں پاکستان کو نوازشریف کی ضرورت ہے اس وقت نوازشریف کے سوا ملک میں کوئی لیڈر نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ 21اکتوبر پاکستان کی عوام کو سنہرے دور میں داخل کر دے گا، اگر سابق وزیراعظم نواز شریف کی حکومت کے خلاف سازش نہ ہوتی تو آج پاکستان حقیقی معنوں میں ترقی یافتہ ملک ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف کے وطن واپس آنے سے سات سال سے پاکستان میں چھائی اداسی امیدمیں بدلنے جا رہی ہے،نواز شریف کی واپسی ملک میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہے، قوم کا اتحاد معاشی بحالی اور مہنگائی سے عوام کی نجات نواز شریف کا مشن ہے۔
سابق وزیر اعظم میاں نوازشریف ایک بار پھر عوام کو مہنگائی سے نکالنے واپس آرہے ہیں،شیخ جعفر خان مندوخیل

ٹیگز:
شیخ جعفر خان مندوخیل
