کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) ساؤتھ ایشیا پارٹنرشپ پاکستان اور عورت فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام بلوچستان بوائز اسکاٹس ہیڈ کوارٹر میں جمہوریت اور با اختیار عورت، حکومت اور سول سوسائٹی کا کردار، چیلنجز، آگے بڑھنے کا راستہ اور سفارشات” پر قانون سازوں اور سیاسی جماعتوں کے ساتھ انٹرفیس ڈائیلاگ کے عنوان سے ایک روزہ ڈائیلاگ کا انعقاد کیا گیا۔ ڈائیلاگ میں بلوچستان کمیشن آن دی سٹیٹس آف وومن کی چیئرپرسن فوزیہ شاہین، ڈویژنل ڈائریکٹر الیکشن کمیشن سیدنذیراحمدحریفال، ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر امجد لاشاری، ڈویژنل ڈائریکٹر ایس ڈبلیو ڈی محمد عبدوہو، عورت فاؤنڈیشن کے ریجنل ڈائریکٹر علاؤالدین خلجی، پروجیکٹ آفیسر جذبہ پروگرام سیپ پی کے یاسمین مغل، وطن یار خلجی، نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان علی احمد لانگو، میر بہرام لہڑی، بہرام بلوچ ودیگر نے شرکت کی۔اس موقع پرفوزیہ شاہین نے کہا کہ خواتین کو اکھٹا کرکے مختلف امور زیر غور لایا جاتا جس کا نتیجہ سیاسی عمل میں خواتین کی باقاعدگی کے ساتھ شمولیت کے طور پر حاصل ہوا، جذبہ پروگرام میں توسیع کی ضرورت ہے پرو وومن لاز میں گھریلو تشدد پر کام کیا 2014 میں یہ قانون پاس ہوا لیکن رولز آف بزنس 2022 میں منظور ہوئے کوشش ہے کہ وومن پروٹیکشن بل کو آئندہ کابینہ تک لے جایا جا سکے، اسی طرح کم عمری کی شادی کے بل کو عملی شکل پہنایا جا سکے ہماری کوشش ہے کہ جلد سے جلد قوانین کو نافذ کرکے عمل داری شروع کروائیں۔ ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ الیکشن کمیشن کوئٹہ میں لوکل گورنمنٹ انتخابات کیلئے تیاری کررہی ہے عام انتخابات بھی آرہے ہیں تاہم باقاعدہ تاریخ کا اعلان نہیں ہوا ہے۔ الیکٹرول پر کام جاری ہے اور انتخابات کا اعلان الیکشن کمیشن کی جانب سے کیا جائے گا کیونکہ الیکشن کمیشن تمام محکموں سے باقاعدہ رپورٹ لیکر الیکشن کا اعلان کریگا ووٹ کی اندراج کیلئے وقت دیا گیا ہے۔ لوکل گورنمنٹ میونسپل کارپوریشن و کمیٹیوں کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصلہ سازی میں خواتین کا کردار نہ ہو تو امپاورمنٹ کا عمل انتہائی مشکل ہوگا پارلیمان کیلئے انتخابی عمل میں خواتین کا حصہ 33 فیصد کیا جائے تاکہ سیاسی عمل کے ساتھ فیصلہ سازی میں بھی خواتین کا فعال کردار ہوں۔ اس موقع پر11نکاتی مطالبات پیش کئے گئے جس کے مطابق 1۔پاکستان میں فوری طور پر پر امن، شفاف اور منصفانہ بنیاد پر عام انتخابات کے انعقاد کویقینی بنایا جائے۔2۔ بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں فوری طور پر مقامی حکومتوں کے انتخابات کروائے جائیں۔ تا ہم جن اضلاع میں مقامی حکومتوں کے انتخابات اور حلف برداری کا عمل مکمل ہو چکا ہے وہاں پر منتخب نمائندگان کو ترقیاتی بجٹ کی فراہمی کو یقینی بنایا جاتا ہے اور انہیں قانون میں موجود تمام اختیارات دئیے جائیں۔3۔الیکشن کمیشن ان حلقوں میں انتخابات کو معطل کرے جہاں پر خواتین ووٹرز کا ٹرن آؤٹ 30 فیصد سے کم ہو۔ 4۔ تمام وفاقی اور صوبائی اسمبلیوں میں خواتین کے لیے مخصوص نشستوں کے تناسب کو %17 سے بڑھا کر کم از کم %33 تک کیا جائے۔ مزید برآں اس کوٹہ کے اندر، اقلیتوں، افراد باہم معذوری اور خواجہ سراؤں کے لئے نشستیں بھی مقرر کی جائیں گے۔5۔الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 206 کے مطابق قومی اور صوبائی انتخابات میں عام نشستوں پر خواتین کو دی جانے ٹکٹوں کی حد کو 5 فیصد سے بڑھا کر زیادہ سے زیادہ 15فیصد کیا جائے۔اس حوالے سے درج ذیل نکات کو مد نظر رکھا جائے۔(الف)ہر سیاسی جماعت متعلقہ قومی یا صوبائی اسمبلی کی جنرل نشستوں کے 75 سے 100 فیصد جیتنے کے قابل حلقوں کیلئے کم از کم 15 فیصدٹکٹ خواتین کو دے گی۔(ب)جیتنے کے قابل حلقوں میں، ہر سیاسی جماعت متعلقہ قومی یا صوبائی اسمبلی کی جنرل نشستوں کی کل تعداد کا 35 سے 74 فیصد میں سے کم از کم 10 فیصد ٹکٹ خواتین کو دے گی۔(ج)جو پارٹی متعلقہ قومی یا صوبائی اسمبلی کی جنرل نشستوں کی کل تعداد میں سے 15 تا 34 فیصد ٹکٹ دے گی وہ جیتنے کے قابل حلقوں میں جنرل نشستوں پر خواتین کوکم از کم 5 فیصد ٹکٹ دے گی۔ یہ فارمولا متعلقہ اسمبلی کی تمام جماعتوں پر الگ الگ ان ٹکٹوں کی بنیاد پر لاگو ہوگا جو وہ اسمبلی میں دیتے ہیں۔(ر)سیاسی جماعتیں جنرل یا مخصوص نشستوں پر الیکشن لڑنے کے لیے اپنی خواتین اراکین کے مالی اخراجات کا کم از کم %50 برداشت کریں گی۔ اور انتخابی مہم کی منصوبہ بندی، خواتین پولنگ عملے کی تربیت، ووٹرز کے لیے تدریسی تعلیمی مواد کی فراہمی، مقامی سطح پر پارٹی حمایت کو یقینی بنانے وغیرہ کے حوالے سے معاونت بھی فراہم کریں گی۔(ژ)انتخابات میں حصہ لینے والی خواتین امیدواروں کے لیے سکیورٹی ڈپازٹ میں کمی کی جائے گی تا کہ زیادہ خواتین کو الیکشن میں حصہ لینے کی ترغیب دی جا سکے۔6۔کسی بھی سیاسی جماعت کو اس وقت تک 30 فیصد یا اس زائد نشستوں پر انتخابات لڑنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، جب تک اس جماعت میں کم از کم %30 خواتین کی رکنیت نہیں ہوگی اور جب تک اسکی فیصلہ سازی میں کم از کم 10 خواتین شامل نہیں ہونگی۔7۔ انتخابی فہرستوں کا با قاعدگی کے ساتھ سالانہ بنیادوں پر جائزہ لیا جائے۔ خواتین ووٹر کے اندراج کے لیے خواتین عملہ تعینات کیا جائے۔ ہرٹیم میں کم از کم ایک خاتون شمار کنندہ لازمی شامل ہو۔ ملک بھر میں الیکشن کمیشن کے تمام دفاتر بشمول ضلعی دفاتر میں خواتین عملے کو شامل کیا جائے۔8۔آگاہی مہم اور دیگر موثر اقدامات (ذرائع ابلاغ، متعلقہ ایجنسیوں، مقامی حکومت کے ڈھانچے، سیاسی جماعتوں، این جی اوز اسی بی اوز وغیرہ کے ذریعے)شروع کی جائیں کے ذریعے اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ تمام اہل خواتین کے پاس شناختی کارڈ موجود ہے اور انتخابی فہرستوں میں انکا اندراج ہو گیا ہے۔ اس حوالے سے، قبائلی اور دیہی خواتین کے ساتھ ساتھ معذورخواتین پر زیادہ توجہ دی جائے۔9۔الیکشن کمیشن سیاسی جماعتوں، مقامی حکومتوں کے حکام، این جی اوز اسی بی اوز، اور میڈیا کے ذریعے ایسے اقدامات کرے جن کی بدولت زیادہ سے زیادہ خواتین اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں اور انھیں ووٹ ڈالنے کے طریقہ کار کے بارے میں بھی جانکاری ہو۔ انہیں شعوری سیاسی انتخاب کرنے کے قابل بنانے کے لیے بھی خصوصی کوششیں بھی کی جائیں۔10۔خاص طور پر قبائلی یا قدامت پسند دیہی علاقوں میں خواتین کے لیے علیحدہ پولنگ اسٹیشن قائم کیے جائیں، تربیت یافتہ خواتین عملہ کو پولنگ سٹیشنوں پر تعینات کیا جائے اور خصوصی حفاظتی انتظامات کے ساتھ ساتھ اسٹیشنوں پر انتظار گاہ اور بیت الخلا جیسی سہولیات کو یقینی بنایا جائے۔11۔ خواتین کے حقوق کے گروپوں کے ساتھ مل کر خواتین کے حق رائے دہی، خواتین کے ووٹ کی اہمیت اور ان کی اپنی پسند کے مطابق ووٹ ڈالنے کے حوالے سے ذرائع ابلاغ خاص طور پر الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے مہم چلائی جائے۔
صوبائی اسمبلیوں میں خواتین کے لیے مخصوص نشستوں کے تناسب کو %17 سے بڑھا کر کم از کم %33 تک کیا جائے، فوزیہ شاہین

ٹیگز:
فوزیہ شاہین
