راولپنڈی(ڈیلی گرین گوادر) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور قیادت کا معیار دنیا کی کسی بھی جدید فوج کے مقابلے میں بہترین ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق کثیرالملکی اسپیشل فورسز کی مشترکہ مشق Eternal Brotherhood -II کی افتتاحی تقریب بروتھا میں منعقد ہوئی۔ دو ہفتوں پر مشتمل مشترکہ مشق میں پاکستان، قازقستان، قطر، ترکیہ اور ازبکستان کی اسپیشل فورسز حصہ لے رہی ہیں ۔
چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نشانِ امتیاز (ملٹری) نے بروتھا گیریژن کا دورہ کیا۔ شنکیاری اور بروتھا آمد پر انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔ اس موقع پر ان کو کو جنرل آفیسر کمانڈنگ سپیشل سروسز گروپ کی جانب سے مشق کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مشق کا مقصد دوست ممالک کے مابین تاریخی فوجی تعلقات کو مزید بڑھانا اور ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہو کردہشتگردی کے خلاف نبرد آزما ہونا ہے۔چیف آف آرمی اسٹاف نے جونیئر لیڈر شپ اکیڈمی (شنکیاری) کا دورہ بھی کیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ جونیئر لیڈرز پاکستان آرمی کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور روایتی اور غیر روایتی جنگ میں کامیابی سے کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔
سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور قیادت کا معیار دنیا کی کسی بھی جدید فوج کے مقابلے میں بہترین ہے۔پاک فوج کے جونیئرلیڈرز نے دنیا بھر میں تربیت، آپریشنز اور عالمی معیار کے مقابلوں کے شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔

