کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ پشتون آج بھی اپنے قومی وحدت، قومی تشخص،قومی وسائل پر واک اختیار سے محروم ہیں، فرنگی استعمار کے جانے اور ملک کے قیام سے لیکر آج تک پشتون سرزمین اور پشتونوں کو منقسم رکھا گیا ہے،قدرت کی دی گئی بے شمار نعمتوں،وسائل پر غیروں کا قبضہ ہونے کے باعث پشتون قوم درپدری کی مسافرانہ زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، ملک کے مختلف شہروں بالخصوص کراچی میں پشتونوں کو بلا جواز تنگ کرنا، ان کے کاروبار، شناختی کارڈ کے حصول میں رکاوٹیں حائل کرنا قابل افسوس اور قابل مذمت ہے، آج بھی ٹارگٹ کلنگ کے ذریعے ہمارے لوگوں کی میتیں اپنے آبائی علاقوں میں لائی جارہی ہے ان ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں ملوث عناصر کو گرفتار کیا جائے۔ ایم این اے علی وزیر کی تاحال عدم رہائی ملکی عدلیہ، وفاقی اور صوبائی حکومت سندھ کیلئے سوالیہ نشان ہے، ایک منتخب عوامی نمائندے کو بے گنا ہ، بلاجواز، غیر آئینی، غیرقانونی مقدمات میں نامزد کرکے جیل میں رکھنا ملکی عدلیہ کی وقار پر منفی اثرات مرتب کررہی ہے۔ علی وزیر کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر حامد خان اچکزئی، صوبائی سینئر نائب صدر سید شراف آغا، صوبائی سیکرٹری کبیر افغان، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری نظام عسکر، گل خلجی، حاجی صورت خان کاکڑ، حاجی فرید پانیزئی، منان بڑیچ،حبیب الرحمن بازئی، ضلعی معاون ولی بریالی، جمشید خان دوتانی، نعیم اچکزئی نے اڈا پشتون آباد علاقائی یونٹ، پشتون باغ دوئم علاقائی یونٹ کے کانفرنسز، سرپل علاقائی یونٹ اجلاس، نواں کلی شمولیت کے اجتماع سے الگ الگ خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس سے پارٹی کے دیگر علاقائی رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ پشتون قومی وحدت، قومی تشخص کے قیام، قومی وسائل پر واک واختیار حاصل کرنے، پشتونوں کو درپیش اذیت ناک صورتحال سے نجات دلانے کیلئے پشتونخواملی عوامی پارٹی کی جاری قومی، سیاسی، وطنی، جمہوری جدوجہد کو مزید تیز کرتے ہوئے اس میں پشتونخوا وطن کے تمام عوام کی شمولیت کو یقینی بنانا ہوگا اور اس کیلئے ضروری ہے کہ ہر ضلع، تحصیل، علاقے اور گلی محلے کی سطح پر پارٹی کے ابتدائی، علاقائی یونٹوں کا قیام عمل میں لایا جائے کیونکہ ابتدائی یونٹ ہی عوام سے رابطے، ان کے مسائل سے باخبر ہونے،ان کے حل کیلئے تجاویز لینے اور اپنی قومی اہداف کے حصول کی جدوجہد کو تکمیل تک پہنچانے کا بہترین ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی چیئرمین محمود خان اچکزئی کی سیاست، بیانیہ پر عوامی اعتماد کا اظہار ان لوگوں کیلئے باعث افسوس ہے جنہوں نے ہمیشہ پارٹی کی تنظیمی ڈھانچوں اور پارٹی کی مقبولیت میں رکاوٹیں حائل کرنے کیلئے شب وروز سازشیں کی، آج پارٹی میں عوام کی جوق درجوق شمولیت خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی شروع کردہ تحریک اور اس کے اہداف کے حصول کی جدوجہد کو تقویت بخشے رہی ہے اور پارٹی کے رہنماؤں، کارکنوں کو اپنے اچھے، اخلاق، کردار، گفتار کی بنیاد پر اپنے عوام کے ساتھ ہر وقت ان کے درمیان رہتے ہوئے اپنی جدوجہد کو جاری رکھنا ہوگا۔ مقررین نے نئے علاقائی یونٹوں کے قیام پر پارٹی رہنماؤں وکارکنوں اور منتخب ایگزیکٹوز کو مبارکبادپیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ پارٹی پروگرام کو گھر گھر تک پہنچا کر عوام کو پارٹی صفوں میں شامل کرینگے۔
پشتون آج بھی اپنے قومی وحدت، قومی تشخص،قومی وسائل پر واک اختیار سے محروم ہیں، پشتونخواملی عوامی پارٹی

ٹیگز:
پشتونخواملی عوامی پارٹی
