کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی کی ہاؤس کمیٹی برائے سیندک، گولڈ اینڈ کاپر پراجیکٹ کا اجلاس پیر کو بلوچستان اسمبلی میں منعقدہوا اجلاس میں وزیر مواصلات و تعمیرات میر محمد عارف محمد حسنی، وزیر خزانہ ظہور احمد بلیدی، رکن صوبائی اسمبلی نصیب اللہ مری، رکن صوبائی اسمبلی ثنا ء اللہ بلوچ، اصغر خان ترین، اختر حسین لانگو، وزیر سماجی وبہبود اسد اللہ بلوچ، یونس عزیز زہری نے شرکت کی۔ اجلاس میں کمیٹی ممبران نے متفقہ طور پر ثناء اللہ بلوچ کو کمیٹی کا چیئرمین نامزد کیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہو ئے رکن صوبائی اسمبلی و کمیٹی کے چیئرمین ثناء بلوچ نے کہا کہ ہم نے مطالبہ کیا تھا کہ وفاقی سطح پر سیندک کے مسئلہ کو اٹھا کر فیصلہ کیا جائے کہ کس طرح 18 ویں ترمیم کے بعد اس پروجیکٹ کو صوبے کے ماتحت ہونا چاہئے۔نے کہا کہ میں تمام ممبران کا مشکور ہوں کہ انھوں نے اجلاس میں اتفاق رائے سے مجھے چیئرمین منتخب کیا16 اکتوبر 2018 کو یہ قرار دادمیں نے پیش کی تھی 18 ویں ترمیم کے بعد ان منصوبوں کو صوبے کے ماتحت ہونا چاہئے تھا جو اب تک نہیں ہے چاغی میں منصوبہ تو ہے لیکن وہاں کے لوگوں کی زندگی ناقابل دید ہے۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین کا کام فیصلہ سازی نہیں ہوتا بلکہ فیصلہ کمیٹی ممبران نے کرنا ہوتا ہے سیندک کے حوالے سے میں نے پہلے ہی معزز عدالت میں درخواست دے رکھی ہے آئندہ کے اجلاس میں سیکرٹری مائنز اینڈ منرلز، محکمہ خزانہ اور مالیات کے ساتھ مل کر کمیٹی کو سیندک پروجیکٹ سے ملنے والی رائلٹی کے بارے میں آگاہ کریں۔صوبائی وزیراسداللہ بلوچ نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ ثناء اللہ بلوچ بلوچستان کے لئے بہترین طریقے سے آواز بلند کرتے رہیں گے بلوچستان کے ہم فرزند ہیں، ہم اہل یانا اہل ہیں لیکن کام ہم ہی نے کرنا ہے۔رکن صوبائی اسمبلی نصیب اللہ مری نے کہا کہ جہاں بلوچستان کا مسئلہ آتا ہے ہم سب متفق ہوتے ہیں۔چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اختر حسین لانگونے کہا کہ جس خندہ پیشانی سے کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بلوچستان کے تمام نمائندے بلوچستان کے مسائل پرمتفق ہیں اربوں کھربوں کے منصوبے تو صوبے میں چل رہے ہیں لیکن یہاں کے عوام کی زندگی میں بہتری نہیں آئی۔ صوبائی وزیر عارف جان محمد حسنی نے کہا کہ پہلی میٹنگ کو بلانے کے لیئے ہم نے کوشش کی اب آئندہ اس کمیٹی کو فعال بنانے کے لئے چیئرمین اپنا کردار ادا کریں۔رکن صوبائی اسمبلی یونس عزیز زہری نے کہا کہ امید ہے بلوچستان کے سرمائے کی چیئر مین بہترین انداز حفاظت کرینگے۔ بعدازاں کمیٹی کا اجلاس 15مارچ تک ملتوی کردیا گیا۔
سیندک گولڈ اینڈ کاپر پروجیکٹ کو صوبے کے حوالے کیا جائے،ثناء اللہ

ٹیگز:
سیندک
