اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) اسلام آباد کے سیکٹر آئی الیون میں ملزمان نے ذاتی دشمنی کے سبب دن دیہاڑے فائرنگ کرکے میاں بیوی کو قتل کردیا، دو سالہ بچہ محفوظ رہا جس کی ماں باپ کی لاشوں کے پاس کھڑے رہنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی فائرنگ کا واقعہ میٹرو کیش اینڈ کیری کے قریب پیش آیا جس میں ملزمان میاں اور بیوی پر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے، فائرنگ کے واقعے جوڑے کے ساتھ ان کا دو سالہ بچہ بھی موجود تھا جو محفوظ رہا۔
فائرنگ کے بعد معصوم بچہ اپنے ماں باپ کے ساتھ گزرے ہوئے حادثے سے بے خبر ہوکر معصومیت کے ساتھ اپنا کیپ اور اپنی فیڈر اٹھائے ماں باپ کی لاشوں کے درمیان گھومتا رہا، درد ناک واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں جس میں لوگوں نے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے حکومت وقت سے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
واقعے پر اسلام آباد پولیس کے ترجمان کا بیان سامنے آگیا، ترجمان نے کہا ہے کہ مقتولین کی شناخت ریحانہ سردار اور ظفر اقبال کے نام سے ہوئی، مقتولین کو ذاتی تنازع پر ان کے رشتہ داروں نے قتل کیا، ملزمان کی شناخت ہوچکی ہے جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

