کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی آنے والے وقت میں عوام کے ووٹوں سے کامیاب ہوکر اقتدار میں آکر بلوچستان کی پسماندگی اور عوام میں پائے جانے والے احساس محرومی کو دور کرے گی،بلوچستان کے لوگوں نے جس طرح بلدیاتی انتخابات میں 14 اضلاع میں پارٹی کے چیئرمین اور دیگر عہدوں پر نمائندوں کو منتخب کیا ہے وہ عوام کی پارٹی پر بڑھتا ہوا اعتماد ہے۔یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی کے جنرل سیکر ٹری روزی خان کاکڑ، سابق رکن صوبائی اسمبلی ظہور احمد بلیدی، حاجی علی مدد جتک، سردار نور احمد بنگلزئی، میر عارف جان محمد حسنی، سردار سر بلند خان جوگیزئی نے جمعہ کو پاکستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات صادق تاجر اور میر عبدالصمد جتک کی اپنے ساتھیوں سمیت پارٹی میں شمولیت کے موقع پر کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے کہی۔ پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ہی واحد جماعت ہے جس نے اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کیا ہے جس طرح وفاق سے صوبوں اور صوبوں سے ضلعوں اور نچلی سطح تک اختیارات کو منتقل کرکے عام لوگوں کو طاقتور بنایا گیا پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کوشش کی ہے کہ وہ پر امن جدوجہد کے لئے لوگوں کو مشکلات سے نجات دلائے اور پیپلز پارٹی اس کی قیادت نے کوشش کی ہے کہ معاملات کو بہتر طور پر حل کیا جاسکے۔ اور بلدیاتی انتخابات میں صوبے کے لوگوں نے جس طرح چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین اور دیگر نمائندوں کو منتخب کیا ہے وہ سب کے سامنے ہیں آنے والے وقت میں کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات کے بعد کوئٹہ کے چار ٹاؤنز میں چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین اور میئر سمیت وزیر اعلیٰ بلوچستان بھی عام انتخابات کے بعد جیالا ہی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے بلوچستان میں عملی اقدامات اٹھاتے ہوئے مسائل سے نکالنے کیلئے اپنا کردار ادا کیا ہے جس کی وجہ سے بلوچستان کے طول و ارض میں پیپلزپارٹی کی مقبولیت روز بروز بڑھ رہی ہے اٹھارویں ترمیم میں اختیارات کی نچلی سطح پرمنتقلی اور این ایف سی ایوارڈ میں پانچ فیصد سے بلوچستان کے حصے کو 9 فیصد تک بڑھایا جس کا سہرا پیپلز پارٹی کے سر ہے اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ملک بھر کی طرح بلوچستان کے غریب لوگ بھی اس سے فائدہ اٹھارہے ہیں آج صوبہ بھر میں پیپلزپارٹی کے جیالے نظر آرہے ہیں پیپلزپارٹی اور اس کے جھنڈے کو گزشتہ 7 ماہ میں بلوچستان میں بہت پذیرائی ملی ہے جس کی وجہ سے بلدیاتی انتخابات میں 9 اضلاع میں برائے راست ڈسٹرکٹ چیئرمین اور5 اضلاع میں اتحادیوں کے ساتھ کامیابی حاصل کی ہے ان کا کہنا تھا کہ آج صوبے کے طول و ارض سے لوگ پارٹی میں شامل ہورہے ہیں جس کی بڑی وجہ پیپلزپارٹی کی محبت بھری مخلصانہ اور یکجہتی پر مبنی پالیسی ہے ہم نے نفرت کو دور کرکے پیار کا پیغام ہے اور ہم نے ہمیشہ کوشش کی ہے کہ لوگوں کی داد رسی ہو گزشتہ 74 سالوں میں قوم پرستوں اور مذہب پرستوں نے لوگوں کو سوائے پسماندگی کے کچھ نہیں دیا عمران خان کے ساڑھے تین سالہ اور پی ڈی ایم کے 17 ماہ میں بھی ان قوم پرستوں اور مذہب پرستوں نے صوبے میں سوائے پسماندگی، مہنگائی اور بے روزگاری کے کچھ نہیں دیا آنے والا دور پیپلزپارٹی ہے ہم نے نفرت کی سیاست کو دفن کرکے پیار اور محبت و یکجہتی کو فروغ دیتے ہوئے آگے بڑھنا ہے ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بہت جلد بلوچستان کا دورہ کریں گے اور صوبے کی قد آور اور سیاسی شخصیات پارٹی میں شمولیت اختیار کریں گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی میں جمہوری اور آئینی طور پر سابق حکومت کو گھر بھیجنے کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کیا اور صوبے کو مسائل سے چھٹکارا دلانے کے لئے آئندہ بھی اپنا کردار کرتی رہے گی۔ اس موقع پر پاکستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات صادق تاجر نے کہا کہ بلوچستان کی قوم پرستوں نے میر غوث بخش بزنجو کی سوچ اور فکر پر چلتے ہوئے بلوچ نیشنلزم کے ذریعے سیاسی جماعتیں قائم کی لیکن وقت اور حالات کے مطابق ان جماعتو ں کی تقسیم در تقسیم ہوتی رہی اور وہ سکڑتی رہی گزشتہ دنوں پارٹی کے صدر نے غیر آئینی اور غیر جمہوری طور پر جماعت کے دیگر اداروں اور کمیٹی کو اعتماد میں لئے بغیر بی این پی میں ضم کرنے کا اعلان کیا تھا جس پر ہمیں اختلاف تھا اور ہم نے ملک بھر کی طرح بلوچستان میں پیپلزپارٹی کو وفاق اور چاروں صوبوں کی زنجیر محسوس کیا اور سمجھتے ہیں کہ وہ تمام اکائیوں کو لیکر چل رہی ہے اس لئے آج ہم اپنے ساتھیوں سمیت پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہیں۔ اور ہمارے تمام ضلعی اور دیگر عہدیدار اپنے علاقوں میں پارٹی کے متعلقہ حکام سے ملکر شمولیت کریں،اس موقع پر محی الدین رند، شاہجہان گجر سمیت دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔
پیپلز پارٹی ہی واحد جماعت ہے جس نے اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کیا ہے، روزی خان کاکڑ

ٹیگز:
روزی خان کاکڑ
