حب (ڈیلی گرین گوادر) اللہ اپنے بندوں کی مدد اور خدمت کے لئے ہم میں سے کسی کسی کوہی چنتا ہے اوروہ خوش قسمت انسان ہوتا ہے جسے اللہ لوگوں کے لئے وسیلہ بناتا ہے جو کہ ایک نہایت فخر کی بات ہے اور مجھے اس بات میں عاجزی اور خوشی محسوس ہوتی ہے کہ اللہ نے دکھی انسانیت اورحالات کی چکی میں پسے ہوئے غریب عوام کی مدد کے لئے ہمیں چنا۔اس احساس سے دلی سکون ملتا ہے کہ اللہ نے جس کام کے لئے منتخب کیا ہے اس کے لئے اپنی طرف سے سو فیصد کوشش کروں باقی اللہ جانتا ہے کہ ہم اس کام میں کس حد تک کامیاب ہوتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار معروف سیاسی و قبائلی شخصیت و پاکستان پیپلز پارٹی ضلع حب کے صدر میر علی حسن زہری نے ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے اس موقع پر اہلیان حب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حب کے عوام نے جس اعتماد کا اظہار مجھ پر کیا ہے حتی الوسع کوشش کروں گا کہ ان کی امیدوں پر پورا اتروں۔ اس مقصد کے لئے مجھے صرف آپ لوگوں کا ساتھ چاہئے۔ انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مخالفین ہم پر جتنے بھی الزامات لگائیں، جتنی بھی سازشیں کر لیں عوام کی طاقت اور اللہ کے فضل و کرم سے ہم ان کی تمام سازشوں کو ناکام بنائیں گے کیونکہ جیت ہمیشہ حق و سچ کی ہوتی ہے۔ میر علی حسن زہری نے حب و لسبیلہ کے تمام معتبرین، قبائلی عمائدین اور عوامی رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ہمارے ہاتھ مضبوط کئے اور پاکستان پیپلز پارٹی کو حب و لسبیلہ کی سب سے بڑی اور مضبوط پارٹی بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع حب میں پی پی پی کی مقبولیت سابق صدر آصٖف علی زرداری،پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سینئر رہنماؤں کی ولولہ انگیز قیادت کا نتیجہ ہے۔میر علی حسن زہری نے اپنے خطاب میں کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے آئندہ انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی ضلع حب میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی اور ضلع حب پر کئی دہائیوں سے مسلط نام نہاد نمائندوں سے نجات حاصل کر کے یہاں کے عوام ایک نئی راہ کا تعین کریں گے۔ ان نام نہاد نمائندوں نے صرف اور صرف اپنے ذاتی مفادات کے لئے کام کیا اور حب و لسبیلہ کے عوام کے لئے کوئی کام نہیں کیا بلکہ دوسرے لوگوں کی جانب سے یہاں کے عوام کے لئے اٹھائے گئے اچھے اقدامات اور عوامی منصوبوں میں بھی رکاوٹیں ڈالیں۔ عوام ان نام نہاد نمائندوں کو پہچان چکے ہیں اور یکسر مسترد کر تے ہیں۔ اس موقع پر قبائلی عمائدین اور پارٹی کے سرکردہ رہنماؤں نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے میر علی حسن زہری کی سیاسی و سماجی خدمات کو سراہا اور کہا کہ میر علی حسن زہری نے شب و روز انتھک محنت سے ایک مرتبہ پھر ضلع حب کو پاکستان پیپلز پارٹی کاایک مضبوط قلعہ بنا دیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ میر علی حسن زہری حب کے عوام کے لئے جس طرح دن رات سیاسی و سماجی خدمات سرانجام دے رہے ہیں یہ تسلسل جاری رہے گا اور پاکستان پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم سے حب کے عوام کے دیرینہ مسائل جلد از جلد حل ہوں گے اوربلوچستان کا واحد صنعتی شہر ہونے کے ناطے حب شہر بلوچستان و پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔
عوام کی طاقت اور اللہ کے فضل و کرم سے تمام سازشوں کو ناکام بنائیں گے، میر علی حسن زہری

ٹیگز:
میر علی
