کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے پیٹرولیم و رسورسز اور سیاسی و اقتصادی امور کے ماہر سینیٹر عبدالقادر نے کہا ہے کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے قیام اور اس کے توسط سے زراعت، آئی ٹی، توانائی، معدنیات، کان کنی اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں 5 ارب ڈالر کی بیرونی سرمایہ کاری کا ہدف مقرر کرنے اور بلوچستان اور خیبر پختون خواہ میں غیر معمولی حجم میں معدنیات دریافت ہونے کے بعد کئی ممالک نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں سینیٹر عبدالقادرنے کہا کہ ایک امریکی کمپنی نے واشنگٹن میں پاکستانی سفیر سے ملاقات کر کے انہیں پاکستان میں پائے جانے والے ذخائر سے معدنی نمک نکالنے اور پراسیسنگ کے بعد اسے ایکسپورٹ کرنے کے لئے سرمایہ کاری کی پیشکش کی ہے معدنی ترقیاتی کارپوریشن کے ساتھ اس کمپنی کا ایک معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت وہ ضلع میانوالی کے اقتصادی زون میں 20 کروڑ ڈالر کے سرمائے سے پلانٹ لگا کر گلابی نمک کی کرشنگ،پیکنگ اور اسے ایکسپورٹ کرنے کا اہتمام کرے گی دنیا بھر میں گلابی نمک کی 12 ارب ڈالر کی سالانہ طلب ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس اس کے 22اعشاریہ 22 ارب ٹن ذخائر موجود ہیں پاکستان سالانہ ڈیڑھ لاکھ ٹن نمک برآمد کر سکتا ہے اس وقت اس منفرد پیداوار سے 70 ملین ڈالر سالانہ حاصل ہو رہا ہے امریکہ اور پاکستان دیرینہ اسٹریٹیجک پارٹنرز ہیں ماضی میں بعض مواقع پر بھارتی سازشوں سے امریکہ پاکستان پر تجارتی پابندیاں عائد کرتا اور اسکی فوجی امداد بند کرتا آیا ہے سرد جنگ کے بعد دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی طرف سے ہزاروں انسانی جانوں کی قربانیوں اور اربوں روپے کے مالی نقصانات کو برداشت کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کی جانب سے ایک بار پھر دوطرفہ تعلقات کو ایک نئی جہت دینے کا فیصلہ نہایت خوش آئند ہے پاکستان کا رویہ تمام ممالک کے ساتھ انتہائی مثبت رہتا ہے اب پاکستان اور امریکہ کے مابین سرمایہ کاری پر ہونے والی پیش رفت نہایت حوصلہ افزا ہے سی پیک منصوبے سے پاکستان میں چین کی سرمایہ کاری نے دوسرے ممالک کو بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے پر قائل کیا ہے حال ہی میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے 46 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے فیصلے سے امریکہ اور یورپ کے کئی ممالک نے بھی اس ضمن میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے. امریکی سرمایہ کاری سے پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔
امریکی کمپنی کا پاکستان میں 20 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا فیصلہ انتہائی خوش آئند ہے، سینیٹر عبدالقادر

ٹیگز:
عبدالقادر
