کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالا یوسف خلجی نے کہا ہے کہ پانچ سال تک اقتدار کے مزے لوٹنے والے عوامی نمائندوں سے عوام صوبے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے آنے والی ایک ایک پائی کا حساب لیں گے،عوا م عام انتخابات میں پڑھے لکھے اور مخلص نمائندوں کا انتخاب کریں جو ایوانوں میں جاکر اپنے بینک بیلنس میں اضافے کی بجائے صحیح معنوں میں عوام کی خدمت کرسکیں۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں لالا یوسف خلجی نے کہا کہ پانچ سال کے دوران صوبے کی ترقی کیلئے اربوں روپے کے فنڈز آئے جو عوام پر خرچ ہونے کی بجائے چند خاندانوں کی جیبوں میں چلے گئے بلوچستان کا دارالخلافہ کوئٹہ اورصوبے کے دوردراز علاقے کھنڈرات کا منظر پیش کر رہے ہیں عوام پینے کے صاف پانی،صحت، تعلیم،روڈ سمیت دیگر سہولیات سے محروم ہیں۔ انہوں نے عوام سے ووٹ لیکر منتخب ہونے والے نمائندوں نے عوام کی کوئی خدمت نہیں کی جس سے عوام اور خاص کر نوجوانوں میں مایوسی پائی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آنے والے عام انتخابات کے دوران یہی نمائندے دوبارہ ووٹ مانگنے کیلئے جب عوام کے پاس جائیں تو عوام انکی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر ایک ایک پائی کاحساب مانگیں کہ انہوں نے پانچ سال کے دوران ترقی کے نام پر آنے والے اربوں روپے کے فنڈز کہاں خرچ کئے۔ انہوں نے کہا کہ عوام انتخابات کے دوران ووٹ کے ذریعے اقتدار کے مزے لوٹنے والوں کا احتساب کریں گے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی وزراء اورارکان اسمبلی نے اپنے میرٹ کے برعکس سرکاری نوکریاں سرعام فروخت کیں جس سے پڑھے لکھے نوجوانوں کی حق تلفی ہوئی۔انہوں نے کہا کہ اب عوام کی بھی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ایسے نمائندوں کا انتخاب کرکے پارلیمنٹ بھیجیں جو کرپشن اور اپنے بینک بیلنس میں اضافے کی بجائے صحیح معنوں میں عوام کی خدمت کرسکیں۔
بلوچستان کا دارالخلافہ کوئٹہ اورصوبے کے دوردراز علاقے کھنڈرات کا منظر پیش کر رہے ہیں،لالا یوسف خلجی

ٹیگز:
لالا یوسف خلجی
