خیبر پختونخوا (ڈیلی گرین گوادر) خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر کے باڑہ بازار تحصیل کمپاؤنڈ میں واقع پولیس اسٹیشن کے مرکزی دروازے کے قریب ہونے والے ایک دھماکے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ 7 پولیس اہلکاروں سمیت 9 افراد زخمی ہوگئے۔حیات آباد میڈیکل کمپلیکس (ایچ ایم سی) کی ترجمان توحید نے ایک بیان میں کہا کہ 9 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں 7 پولیس اہلکار اور 2 شہری شامل ہیں۔
ریسکیو 1122 کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ریسکیو اہلکاروں نے 2 زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جن میں سے ایک شدید زخمی شخص کو مزید علاج کے لیے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کردیا گیا۔آئی جی خیبرپختونخوا اختر حیات نے بتایا کہ کمپاؤنڈ پر 2 خودکش حملہ آوروں نے حملہ کیا تھا، ایک حملہ آور نے مرکزی گیٹ اور دوسرے نے عقب سے عمارت میں داخلےکی کوشش کی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پولیس اہلکاروں نے حملہ آوروں کو عمارت کے اندر داخل ہونے نہیں دیا، اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں پولیس کی جوابی فائرنگ میں دونوں خودکش حملہ آور مارے گئے۔آئی جی پولیس نے کہا کہ دونوں حملہ آور کی جانب سے فائرنگ اور دھماکے کیے گئے، دھماکے کی وجہ سے بلڈنگ اور مرکزی گیٹ کو نقصان پہنچا۔

