اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال نے نجکاری سے متعلق کیس میں ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ معاشی معاملات میں ہماری مہارت نہیں ہے،اسلئےمعاشی معاملات میں مداخلت نہیں کریں گے ۔چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نےکے الیکٹرک کی نجکاری سے متعلق کیس کی سماعت کی۔
چیف جسٹس پاکستان نے وکیل درخواست گزار رشید رضویی سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ چاہیں تو متعلقہ ہائیکورٹ سے رجوع کر سکتے ہیں، ویسے بھی پارلیمنٹ نے آرٹیکل 184کی شق تین سے متعلق دو قوانین بنائے ہیں،پرانے مقدمات اس لیے سماعت کیلئے مقرر کر رہے ہیں تاکہ دیکھ سکیں لائیو ایشو ہے؟۔
ایڈووکیٹ صلاح الدین نے عدالت کو بتایا کہ کے ایس سی لیبر یونین کیخلاف درخواست بھی آئی ہے۔ جس پر جسٹس عائشہ ملک نے کہا کہ وہ کیس اس وقت ہمارے سامنے نہیں ہے۔ وکیل درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کی جائے۔چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ آئندہ ہفتے چھٹیاں شروع ہو رہی ہیں، ججز دستیاب نہیں ہونگے، آئندہ ہفتے ججز متعلقہ رجسٹریوں میں ہونگے، آپ ہدایات لے لیں، کل کیس سنیں گے،کے الیکٹرک کی نجکاری کو 18 سال ہو چکے ہیں۔

