پشاور (ڈیلی گرین گوادر) چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلح افواج اپنی تنصیبات کی توقیر اور سلامتی کی مزید خلاف ورزی برداشت نہیں کرے گی اور 9 مئی کے یوم سیاہ کو ہونے والے جلا گھیراؤں کے منصوبہ ساز، اشتعال دلانے والے اور حملہ کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے کور ہیڈکوارٹرز پشاور کا دورہ کیا اور افسران سے خطاب کیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف نے قومی سلامتی کو درپیش خطرات کے حوالے سے بات کی انہوں نے کہا کہ ’ہم امن اور استحکام کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور اس عمل کو نقصان پہنچانے کا کوئی موقع نہیں دیا جائے گا‘۔

