کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالا یوسف خلجی نے کہا ہے کہ بلوچستان ہم سب کا مشترکہ گھر ہے یہاں بسنے والے عوام کے حقوق کیلئے ہمیں ملکر آواز بلندکرنی ہوگی 75سالوں سے بلوچستان کے وسائل کو حکمرانوں نے بے دردی سے لوٹا ہے اب انہیں لوٹی گئی دولت کا حساب عوام کو دینا ہوگا۔ یہ بات انہوں نے پراپرٹی ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر امیر حمزہ سے ملاقات کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر پراپرٹی ڈیلرز ایسوسی ایشن کے رہنما محمدہاشم، ارباب جہانگیر، حاجی طالب اوردیگر بھی موجود تھے۔ بلوچستان امن جرگے کے وفد نے پراپرٹی ڈیلرایسوسی ایشن کے رہنماوں کو 26مئی بلوچستان اسمبلی کے سامنے احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی دعوت دی جو پراپرٹی ڈیلرزایسوسی ایشن کے رہنماوں نے قبول کرلی۔بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالا یوسف خلجی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام پر حکمرانی کرنے والوں نے صوبے کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے آنے والے فنڈز کو عوام کی فلاح و بہبود پرخرچ کرنے کی بجائے اپنے بینک بیلنس میں اضافہ کیا اور اربوں روپے کے فنڈز خوردبرد کرلئے گئے جبکہ کوئٹہ جو بلوچستان کا دارالخلافہ بھی ہے کہ عوام آج اکیسویں صدی میں بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان امن جرگے کے زیراہتمام 26مئی کوعوام کے حقوق کے حصول کیلئے بلوچستان اسمبلی کے سامنے پرامن دھرنا دیا جائے گا جس میں سیاسی جماعتوں،سماجی تنظیموں سے ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کو شرکت کی دعوت دیں گے۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر اور بلوچستان ہمارا ہے اس کے لئے آواز ہم ملکر آواز بلند کریں گے۔انہوں نے کہا کہ 26مئی کو ہرمکتبہ فکرسے تعلق رکھنے والے افراد سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر اپنے حقوق کیلئے احتجاجی مظاہرے میں شرکت کریں۔
بلوچستان ہم سب کا مشترکہ گھر ہے یہاں بسنے والے عوام کے حقوق کیلئے ہمیں ملکر آواز بلندکرنی ہوگی،لالا یوسف خلجی

ٹیگز:
لالا یوسف خلجی
