کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)فوکل پرسن ورکرز ویلفیئر بورڈ اسکولز و پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان خواتین ونگ کی نائب صدر ماہ جبین خالد جمالی نے کہا ہے کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں چاروں صوبوں میں ایک ہی دن انتخابات کرانے پر متفق ہیں ملک کے حالات علیحدہ علیحدہ انتخابات کرانے کی اجازت نہیں دیتے،پی ٹی آئی ملک میں انتشار اور افراتفری پھیلانے کی مذموم سازشوں میں مصروف ہے جسے پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالے ناکام بنادیں گے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کرنے والی خواتین کے ایک وفدسے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ماہ جبین خالد جمالی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف سیاسی جماعت نہیں ہے بلکہ اسے پاکستان میں افراتفری پھیلانے اور عدم استحکام کیلئے لانچ کیا گیا ہے لیکن پاکستان پیپلز پارٹی پی ٹی آئی کی ملک دشمن سازشوں کو کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اوراسکے ٹولے نے پہلے آئین شکنی کرتے ہوئے قومی اسمبلی کو تحلیل کیااسکے بعد پنجاب اورخیبر پختونخوا اسمبلیوں کو تحلیل کیاجس کا کوئی جواز نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی بدولت ملک اسوقت دو صوبوں میں انتخابات کامتحمل نہیں ہوسکتاتمام سیاسی جماعتیں اس بات پر متفق ہیں کہ چاروں صوبوں اور قومی اسمبلی کے انتخابات اپنے مقررہ وقت پرہی ہوں لیکن پی ٹی آئی دو صوبوں میں انتخابات پر بضد ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اوراسکے ٹولے نے ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی مذموم سازشیں کی ہیں جسے عوام نے ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے قائدین اور جیالوں نے ملک میں جمہوریت اور آئین کی بالادستی کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے دیئے ہیں کسی کو بھی جمہوریت اور آئین کے خلاف سازش کرنے کی ہرگزاجازت نہیں دیں گے۔
پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں چاروں صوبوں میں ایک ہی دن انتخابات کرانے پر متفق ہیں،ماہ جبین خالد جمالی

ٹیگز:
ماہ جبین
