اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) ڈائریکٹر آئی ایم ایف نے واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں اپنائی گئی حالیہ پالیسیاں درست سمت میں ہیں، موجودہ صورتحال میں مہنگائی پر قابو پانا انتہائی ضروری ہے، معاشی استحکام کے لیے فیصلہ کن اقدامات کی ضرورت ہےآئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ پاکستان کے اہم دوست ممالک کی طرف سے مالی امداد کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے، کسی بیرونی آفت سے بچنے کیلئے زرمبادلہ کی شرح برقرار رکھنا بھی ضروری ہے۔
پاکستان کیلئے آئی ایم ایف کے مشن چیف نیھتن پورٹر کا کہنا تھا کہ پاکستانی وفد اور آئی ایم ایف سٹاف کی حالیہ ملاقاتوں میں مضبوط پالیسیوں کو برقرار رکھنے پر اتفاق ہوا ہے. ان پالیسیوں پر عمل درآمد کی کوششوں میں مدد کیلئے خاطر خواہ مالی اعانت کے حصول کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا گیا۔
آئی ایم ایف مشن چیف نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف پاکستانی حکام کی ان کوششوں کی حمایت کر رہا ہے. مزید یہ کہ آئی ایم ایف جلد از جلد ضروری مالیاتی یقین دہانیاں حاصل کرنے کا منتظر ہے تاکہ نویں اقتصادی جائزے کی کامیاب تکمیل کی راہ ہموار ہو۔

