کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان سول سیکریٹریٹ آفیسر ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر عبدالمالک کاکڑ نے کہا ہے کہ سیکر ٹریٹ میں بی ایس ایس گروپ کو اپنے حقوق بھی حاصل نہیں ہیں،ضلعی نظام اور بیوروکریسی میں تبدیلی ناگزیز ہو چکی ہے،بی ایس ایس کے ساتھ ناروا سلوک اور دوہرے معیار کو قطعاً بر داشت نہیں کریں گے،سیکرٹریٹ میں ہماری پوسٹوں پر نان کیڈر ملازمین بٹھائے گئے ہیں،ہمارا مطالبہ ہے کہ نان کیڈر، ٹیکنیکل اور اٹیچ منٹ پر کا م کرنے والے ملازمین کو انکے اپنے محکموں میں بھیجا جائے، اگر پانچ دن کے اندر ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کئے گئے تو مجبور دفاتر کا بائیکاٹ کریں گے۔ یہ با ت انہوں نے جمعرات کو سول سیکرٹریٹ اسٹاف ایسوسی کے صدر کامریڈ یونس زہری، نجیب اللہ سرپراہ، صدیق کاکڑ، خالق داد رند، آفتاب جبل، ظہر بلوچ، عارف شاہوانی، امین بادینی، واجد ہزارہ کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ سسٹم عوام کو ریلیف فراہم کر نے میں ناکام ہو چکا ہے، عوامی نمائندگان مکمل طور پر ضلعی انتظامیہ کے ماتحت ہو چکے ہیں جبکہ ضلعی نظام اور بیوروکریسی میں تبدیلی ناگزیز ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان بیوروکریسی میں 2کیڈرز وجود رکھتے ہیں،اِس وقت بھی PASآفیسرز اِس غلط فہمی میں ہیں کہ بلوچستان میں صرف ایک سروس گروپ ہے اور وہ بی سی ایس ہے۔ یہاں ہر قسم کی پوسٹنگ بی سی ایس کیڈر کو دی جاتی ہے جبکہ بی ایس ایس یعنی سیکرٹریٹ گروپ کو اپنے سیکرٹریٹ کے اندر بھی اپنے حقوق حاصل نہیں۔ بی ایس ایس کی پوسٹوں پر بی سی ایس کے آفیسران تعینات کئے جاتے ہیں بی سی ایس کوہم پر ترجیح کیوں دی جاتی ہے۔انہوں نے کہاکہ بی ایس ایس کیڈر نے وقتاً فوقتا ًحکومت وقت کوان نااِنصافیوں پر اپنا موقف پیش کیا،صوبائی حکومت نے 24رکنی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی کمیٹی نے اپنی حتمی رپورٹ پیش کی اس جامع رپورٹ میں اس بات کی تصدیق کی گئی کہ سیکریٹریٹ کیڈر کے ساتھ نا انصافی ہو رہی ہے۔ BSSکیڈر کے آفیسران رولز کے مطابق پروموٹ اور تعینات ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ عدالت میں مختلف کیسز چل رہے ہیں جہاں حکومت کا موقف پیش کرنا ایس اینڈ جی اے ڈی اور چیف سیکرٹری کی ذمہ داری ہے لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ چھ ماہ سے پیرا وائس کمنٹس جمع نہیں کئے جا رہے۔ انہوں نے کہاکہ پورا محکمہ باہر کے ایک ملازم کے زیر عتا ب ہے وہ جو لکھے اْس پر من و عن عمل کیا جاتا ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ مذکورہ شخص کو فی الفور اْس کے اپنے محکمہ بھیجا جائے۔ انہوں نے کہاکہ فیلڈ میں تعینات ہمارے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل آفیسران کو سہولیات فراہم نہیں کی جا رہی ہیں اْنہیں دفتر تک فراہم نہیں کئے جا تے اِس رویے کو برداشت نہیں کر سکتے اْنہیں سہولیات کے ساتھ ساتھ ذمہ داریاں تفویض کی جائیں۔انہوں نے کہاکہ سیکرٹریٹ میں ہماری پوسٹوں پر نان کیڈر ملازمین بٹھائے گئے ہیں اِس کے ساتھ ساتھ اٹیچمنٹ پر سینکڑوں ملازم یہاں کا م کر رہے ہیں جس کی وجہ سے سیکرٹریٹ ملازمین او ایس ڈی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیاہے کہ نان کیڈر، ٹیکنیکل اور اٹیچ منٹ پر کا م کرنے والے ملازمین کو اپنے محکموں میں بھیجا جائے۔ انہوں نے کہاکہ ہم موجودہ سسٹم میں بہتری، ریفارمز، نظام میں شفافیت، میرٹ اور گڈ گورننس چاہتے ہیں ہم بی ایس ایس کے ساتھ ناروا سلوک اور دوہرے معیار کو قطعاً نہیں مانتے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت وقت صوبائی کابینہ کے فیصلے پر عملدآمد کروائے اور ایس اینڈ جی اے ڈی اس کافی الفور نوٹیفیکیشن کرے۔انہوں نے کہاکہ اگر حکومت نے پانچ دِن کے اندر ہمارے دیرینہ مطالبات نہیں ما نے تو ہم دفاتر کے بائیکاٹ پر مجبور ہو جائینگے۔
سیکر ٹریٹ میں بی ایس ایس گروپ کو اپنے حقوق بھی حاصل نہیں ہیں ، عبدالمالک کاکڑ

ٹیگز:
عبدالمالک کاکڑ
