راولپنڈی(ڈیلی گرین گوادر) ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں3 فوجی جوان شہید اور 2 زخمی ہوگئے جبکہ تینوں دہشت گرد مارے گئے۔آئی ایس پی آر کی پریس ریلیز کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی شب دہشت گردوں نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کھوٹی میں پولیس چیک پوسٹ پر فائرنگ کی، جس کی اطلاع ملنے پر سیکورٹی فورسز نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے لیا، اورفرار ہونے کے تمام ممکنہ راستوں کو مسدود کر دیا۔
اس دوران فرار کی کوشش کرنے والے دہشت گردوں کو ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے سگو میں گھر لیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں تینوں دہشت گرد مارے گئے، تاہم اس دوران تین فوجی جوانوں حوالدار محمد اظہر اقبال، نائیک محمد اسد اور سپاہی محمد عیسیٰ نے بھی جام شہادت نوش کیا جبکہ سپاہی اصغراور حذیفہ شدید زخمی ہوگئے۔
ہلاک ہونے والے دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے جبکہ دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے علاقے کی کلیئرنس کی جا رہی ہے۔دہشت گردوں کے ساتھ اس معرکے میں شہید ہونےو الے لودھراں کے حوالدار محمداظہر نے سوگواران میں 4 بیٹے اور 1 بیٹی چھوڑے ہیں ، خانیوال سے تعلق رکھنے والے نائیک محمد اسد نے بیوی اور ایک بیٹا جبکہ ضلع جنوبی وزیرستان کے سپاہی محمد عیسی نے سوگواران میں والدین ، 2 بہنیں اور 3 بھائی چھوڑے ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے، ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

