پشاور(ڈیلی گرین گوادر)گورنر خیبر پختونخوا غلام علی کا کہنا ہے کہ صوبے میں انتخابات کی تاریخ دینا عید کا چاند دیکھنے سے بھی مشکل ہے، الیکشن کمیشن کے ساتھ ہونے والے اجلاس میں پیش رفت ہوئی ہے۔ غلام علی نے کہا کہ انتخابات کی تاریخ سے متعلق قوم جلد خوشخبری سنے گی، پیر یا منگل کو الیکشن کمیشن کے دفتر جاؤں گا۔
گورنر کے پی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ساتھ اجلاس میں کسی فیصلے پر پہنچ جائیں گے، پنجاب سے خیبر پختونخوا میں ہونے والے الیکشن مختلف ہیں۔غلام علی نے مزید کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال پنجاب سے مختلف ہے، ایسا کوئی دن نہیں گزرا کہ یہاں کوئی حملہ نہ ہو، ایسا فیصلہ کریں جس سے عوام مشکل میں نہ پڑیں۔اس سے قبل خیبر پختونخوا اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے کے معاملے پر سیکریٹری الیکشن کمیشن کی سربراہی میں کمیٹی کی گورنر کے پی سے ملاقات ہوئی تھی۔
الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ گورنر کے پی کو بریف کیا کہ وہ اسمبلی الیکشن کی تاریخ دینے کے پابند ہیں، گورنر کے پی تاریخ دیں تاکہ 90 دن میں انتخابات کروائے جا سکیں۔سیکریٹری الیکشن کمیشن کے مطابق گورنر نے کہا کہ وہ تاریخ کے معاملے پر اگلے ہفتے کمیشن سے ملیں گے، انتخابات کی تیاری، انتظامات، امن و امان اور دیگر امور پر الیکشن کمیشن رابطے کر رہا ہے۔ نگراں حکومتوں اور قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں سے رابطے میں ہیں۔

