کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ دو صوبوں میں ضمنی انتخابات کے انعقاد کے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔پاکستان کی مالی حالت ایسی نہیں کہ وہ ان انتخابات میں اربوں روپے کے اخراجات برداشت کرسکے۔ 75 سال سے ملک کو لوٹنے والوں پر حکومت نظر رکھے کیونکہ کچھ کرپٹ عناصر ملک کو لوٹ کر افغانستان ایران کے راستے فرار ہوئے اور کچھ اب فرار ہونے کی کوششوں میں ہیں۔ یہ بات انہوں نے ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ سابق صوبائی وزیر اور بی اے پی کے رہنما میر عبدالکریم نوشیروانی کا کہنا تھا کہ دو صوبوں میں ضمنی انتخاب کے انعقاد کیلئے سپریم کورٹ نے جو فیصلہ کیا ہے عدالت عظمیٰ اس پر نظر ثانی کرے کیونکہ ملک کی مالی حالت ایسی نہیں ہے کہ وہ ان ضمنی انتخابات اور پھر عام انتخابات پر اربوں روپے خرچ کرسکے۔ پنجاب میں ضمنی انتخاب پر 16ارب روپے اور کے پی کے پر 15ارب روپے کے اخراجات آئیں گے اسی طرح تین چار ماہ بعد ملک میں عام انتخابات پر 60 ارب روپے خرچ ہوں گے لہذا ملک ان اربوں روپے کے اخراجات کا متحمل نہیں ہوسکتا انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے ہی اس ملک کو آئی ایم ایف کی گود میں ڈال دیا ہے ہمارے گلے میں کشکول ہے لیکن ہمیں بھیک بھی نہیں مل رہی۔ لوگ مہنگائی اور ٹیکسوں کے لاگو ہونے سے نان شبینہ کے محتاج ہوکر رہ گئے اور اب رمضان المبارک بھی آرہا ہے ہماری دعا ہے کہ ا? تعالیٰ اس ملک کو بچائے کیونکہ رمضان المبارک میں تاجر اور صنعت کار آئی ایم ایف کے ٹیکسوں کے علاوہ اپنا ٹیکس بھی عوام پر لاگو کریں گے۔ میری ملک کے تاجروں اور صنعت کاروں سے یہ گزارش ہے کہ وہ ملک کے غریب عوام پر رحم کھاتے ہوئے رمضان المبارک میں اپنا مہنگائی ٹیکس لانگو نہ کریں انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں مہنگائی کے باعث دہشت گردی اور کرپشن میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔ 75 سال سے اس ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے والے ملک سے فرار ہورہے ہیں اکثر فرار ہوگئے ہیں اور ان کی باقیات جو اس ملک میں رہ گئی ہے وہ بھی افغانستان اور ایران کے سرحدی علاقوں سے فرار ہونے کی کوشش کررہی ہے لہذا حکومت سے گزارش ہے کہ وہ ان سرحدوں اور کرپٹ عناصر پر نظر رکھے انہوں نے کہا کہ تین چار ماہ بعد ملک میں عام انتخابات ہیں میری پاک افواج، اداروں اور عوام سے اپیل ہے کہ وہ مخلص محب وطن اور ایماندار لوگوں کو ووٹ کے ذریعے آگے لائیں تاکہ پاکستان دوبارہ ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوسکے۔
سپریم کورٹ دو صوبوں میں ضمنی انتخابات کے انعقاد کے فیصلے پر نظر ثانی کرے، میر عبدالکریم نوشیروانی

ٹیگز:
میر عبدالکریم نوشیروانی
