خضدار(ڈیلی گرین گو ادر)ڈپٹی کمشنر خضدار میجر (ر)یٹائرڈ محمد الیاس کبزئی نے کہاہے کہ اسپیشل افراد اس معاشرے کا قابل احترام افراد ہیں ان کی حوصلہ افزائی کرنا و انہیں احساس کمتری سے نکلنا ضلعی انتظامیہ کی اوّلین ذمہ داری ہے اس سلسلے میں ہماری ان کے ساتھ وقتافوقتاً میٹنگ ہوتی رہتی ہے اور انہیں دیگر افراد کی طرح پذیرائی دینے کو لازم سمجھتے ہیں،معذور افراد کے لئے حکومت کے طے کردہ پالیسی کے تحت فلاح وبہبود اور ان کو سہولیات دینے کے لئے اقدامات عمل میں لارہے ہیں اور کوشش ہے کہ ضابطہ کے تحت معذورافراد کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کی جائے۔ ان خیالات کا اظہارا نہوں نے گورنمنٹ محکمہ جات اور معذور افراد کی مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں اے ڈی سی جی سراج بلوچ پی ایس ٹو ڈی سی مراد گزوزئی مزدور اتحاد کے چیئرمین صابرحسین قلندرانی معذور افراد کے نمائندہ حافظ عبدالرازق شاہوانی اور محکمہ سوشل ویلفیئر محکمہ زکواۃ آفیسرز اور محکمہ خزانہ آفیسر موجود تھے۔ اجلاس میں معذو ر افراد نے اپنے لئے مختص اراضی کا مطالبہ ڈپٹی کمشنر خضدار کے سامنے رکھا ۔ ڈپٹی کمشنر خضدار محمد الیاس کبزئی نے اجلاس میں انہیں قانونی طریقہ کارسے آگاہ کیا اور جو معاملات ضلعی انتظامیہ کے ہیں اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر خضدار نے اپنی جانب سے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔ڈپٹی کمشنر خضدار میجر ریٹائرڈ محمد الیاس کبزئی کا کہنا تھاکہ معذو ر افراد کو ان کے کوٹے کے حساب سے تمام شعبوں میں حصہ دار بنانے کے لئے اپنی کوششیں عمل میں لائی جارہی ہے اور جہاں کہیں مسئلے اور مسائل ہوتے وہ ان کے ساتھ بیٹھ کر گفت و شنید کے ذریعے حل کیئے جاتے ہیں اور آئندہ بھی اسی طرح معذور افراد کی سرپرستی جاری رہے گی اور ان کے مسائل کے حل کے لئے اقدامات کیئے جائیں گے انہوں نے کہاکہ گزشتہ سال کے سیلاب اور مصائب کے موقع پر بھی ضلعی انتظامیہ نے معذور افراد کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھا اور ان کی حوصلہ افزائی کی گئی اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہیگا۔ صوبائی حکومت کی کوشش ہے کہ وہ معذور افراد کا خصوصی خیال رکھے اور اس حوالے سے وقتافوقتا ان کے لئے پالیسیاں مرتب کی جاتی ہیں اور ان کی فلاح وبہبود و خوشحالی کے لئے اقدامات عمل میں لائے جاتے ہیں۔
اسپیشل افراد کی حوصلہ افزائی کرنا انہیں احساس کمتری سے نکلنا ضلعی انتظامیہ کی اوّلین ذمہ داری ہے،ڈپٹی کمشنر خضدار

ٹیگز:
ڈپٹی کمشنر خضدار
