کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے گزشتہ روز کوہلو میں دہشت گردوں کے خلاف سرچ آپریشن میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں دوافسران کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔اپنے مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ فرائض ادائیگی میں جانوں کا نذرانہ دے کر وطن کی حفاظت کرنا پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے جوانوں کا خاصہ رہا ہے۔ آپریشن میں شہادت نوش کرنے والے میجر جواد اور کیپٹن صغیر بھی قوم کے اُن بہادر سپتوں میں شامل ہیں جنہوں نے فرائض کی ادائیگی اور وطن کے تحفظ کی خاطر جام شہادت نوش کیا مگر وطن کی سالمیت پرکوئی آنچ نہ آنے دی۔پوری قوم ان بہادر سپوتوں کو سلام اور خراج تحسین پیش کرتی ہے جنہوں نے دہشتگردوں کے مذموم مقاصد کو اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان اور سیکیورٹی فورسز کی لازوال قربانیوں سے وطن میں قائم امن دشمن عناصر کو کھٹک رہا ہے اسی لئے بزدل دشمن نہتے شہریوں اور سیکیورٹی فورسز پر بزدلانہ حملے کر رہے ہیں جس کی شدید مذمت کرتے ہیں اور دشمن کو یہ باور کرا دینا چاہتے ہیں کہ اس طرح کے بزدلانہ حملے پرعزم قوم اور سیکیورٹی فورسز کے بہادرجوانوں کے دہشت گردی کے خلاف عزم کوکمزور نہیں کر سکتے بہت جلد یہ تمام دشمن عناصر اپنے انجام کو پہنچیں گے اور دہشت گردوں کے اس طرح کے بزدلانہ عمل سے پاک فوج سمیت دیگر سیکورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں کئے جاسکتے۔ انہوں نے واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ و افسوس کاظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بزدل دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز دہشتگردوں کا پیچھا کرتی رہیں گی اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گی۔دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیوں کا مقصد بلوچستان کے امن اور ترقی کو روکنا ہے سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی وطن کے لئے قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی دشمن کبھی بھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے ساری قوم ہماری سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ہم سب مل کر دشمنوں کے عزائم کوخاک میں ملائیں گے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ ہم ملی یکجہتی اور قومی اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے اندرونی و بیرونی دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا سکتے ہیں جس کے لئے ہم سب کو پاک فوج اور اپنے سیکورٹی اداروں کا بھرپور ساتھ دینا ہو گا اور دشمن کی چالوں کو ناکام بنا کراپنے پیارے وطن پاکستان کی حفاظت میں اپنا اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔انہوں نے واقعہ میں شہداء کے لئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
ملک میں امن و امان کے قیام کیلئے سیکورٹی فورسز نے لازوال قربانیاں دی ہیں،سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری

ٹیگز:
سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری
