پشین (ڈیلی گرین گوادر) ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ژوب پشین رینج قمر زمان نے کہا ہے کہ عوام کے تعاون کے بغیر جرائم کو روکنا ممکن نہیں، رینج کے تمام اضلاع میں آج اگر امن قائم ہے تو یہ پولیس سمیت تمام محافظ فورسز کی قربانیوں اور عوام کی بھر پور تعاون کا نتیجہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشین کے صحافیوں کے ساتھ رینج میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور پولیس فورس کی جانب سے کئے گئے اقدامات کے حوالے سے بریفننگ دیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایس پی پشین عبدالحلیم اچکزئی اور دیگر آفیسران بھی موجود تھے، ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس قمر زمان نے کہا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ عوام پولیس کے آنکھ اور کان ہوتے ہیں عوام کے تعاون کے بغیر وہ مقاصد حاصل نہیں کئے جا سکتے جو حاصل کرنا چاہیے اگر آج چمن سے لیکر شیرانی تک امن ہے لوگ پرا من طریقے سے زندگی بسر کر رہے ہیں،معاشی و سیاسی سرگرمیاں جاری ہیں یہ سب عوام کا اپنے محافظ فورسز کے ساتھ تعاون ہی کی بدولت ممکن ہوئی اس لئے آئی جی بلوچستان یہ چاہتے ہیں کہ عوام اور پولیس کے درمیان روابط ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ سماج دشمن عناصر کی سرکوبی کیلئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کریں گے ہمارے فورس کے جوان ہمہ وقت بیدار و تیار ہیں جبکہ عوام کی جان ومال کی حفاظت ہمارے انہی فرض شناس اور بہادر جوانوں کے مرہون منت قائم ہے۔ ڈی آئی جی نے کہا کہ محکمہ پولیس امن وامان کو برقرار رکھنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے، تمام اضلاع کے تمام داخلی وخارجی راستوں کی سخت نگرانی کی جارہی ہے جبکہ ہمارے جوان امن و امان کی بحالی کے لیے شہر کے مختلف مقامات پر گشت کررہے ہیں اور مختلف علاقوں میں پٹرولنگ جاری رکھیں گے انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے ضلع کے مختلف علاقوں میں کاروائیاں کرتے ہوئے درجنوں مشکوک افراد گرفتار کئے ہیں جو چوری،ڈکیتی اور رہزنی اور دیگر مختلف وارداتوں ملوث تھے دریں اثناء قمر الزمان نے میڈیا نمائندوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پولیس کی کارکردگی اور آئندہ لائحہ عمل پر مشتمل بریفنگ بھی دی، ان کا کہنا تھا کہ بہترین کارکردگی کے حامل پولیس اہلکاروں کو انعامات سے نوازا جائے گا۔
محکمہ پولیس امن وامان کو برقرار رکھنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے، ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ژوب رینج قمر زمان

ٹیگز:
قمر زمان
