نصیر آباد (ڈیلی گرین گوادر)کمشنر نصیرآباد ڈویژن بشیر احمد بنگلزئی نے کہاکہ کسی برائی کے خلاف جدوجہد کا انحصار معاشرے کے اخلاقی معیاروں پر ہوتا ہے اہمیت اس بات کی ہوتی ہے کہ ہم کس بات کو رد اور کس کو قبول کرتے ہیں بد عنوانی کے رویوں کے ساتھ بدعنوانی کا مقابلہ ممکن نہیں کوئی نگران اگر خود بددیانت ہو تو لوٹ میں حصہ مانگ کر کرپشن میں معاونت کرتا ہے جس سے بربادی کا عمل اور گہرا ہو جاتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کرپشن ایک ناسور ہے کے عنوان سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر نصیرآباد علی محمد ہانبھی ڈویژنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد سلیم کھوسہ،ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن خالد احمد،ڈویژنل ڈپٹی ڈائریکٹر سیول ڈیفینس عنایت اللہ خان بلوچ،ڈویژنل ڈائریکٹر آئی ٹی عبدالرحیم بلوچ،ایریگیشن،لائیوسٹاک پی ایچ ای ہیلتھ بی اینڈ آر لوکل گورنمنٹ و دیگر ڈویژنل آفیسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن خالد احمد نے کرپشن کے خاتمے کیلئے مختلف تجاویز پیش کیں دیگر کئی اہم پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ کمشنر بشیراحمد بنگلزئی نے کہاکہ کرپشن ایک ایسا مرض ہے جو ایک بیماری کی کی طرح پھیلتا جا رہا ہے اور ہم سب جانتے ہیں کہ اس موذی مرض نے ہماری سماجی سیاسی اور روحانی زندگی کو برباد کر کے رکھ دیا ہے اور اس کے خاتمے کیلئے ہم سب نے ملکر کام کرنا ہے انہوں نے تمام ڈویژنل آفیسران پر زور دیا کہ وہ کرپشن سے پاک معاشرہ کے قیام کیلئے اپنا کردار ادا کریں تاکہ ہم اس ناسور سے اپنے صوبے کو پاک کر سکیں انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کسی بھی محکمے کے ملازمین رشوت ستانی میں ملوث پائے گئے تو نہ صرف ان ملازمین کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی بلکہ اس کے آفیسر سے بھی بازپرس کی جائیگی۔کیونکہ ملازمین کے بارے میں سربراہ کو اگر علم نہ ھو یہ ممکن ہی نہیں ھے کوشش کی جائے جس کی جو ذمہ داری ہے وہ اسے بہتر انداز میں سرانجام دے کمشنر نصیرآباد نے محکمہ اینٹی کرپشن کے آفیسران پر بھی زور دیا کہ وہ کرپشن جیسے ناسور کو ختم کرنے کے لیے مزید سنجیدگی کے ساتھ کام کریں اوع اس سلسلے میں ڈویژنل انتظامیہ ہرممکن تعاون کریں گی۔
کسی برائی کے خلاف جدوجہد کا انحصار معاشرے کے اخلاقی معیاروں پر ہوتا ہے،بشیر احمد بنگلزئی

ٹیگز:
بشیر احمد بنگلزئی
