لاہور (ڈیلی گرین گوادر) دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کے دعویدار بھارت کے نہتے کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم نے اس کے بھیانک چہرے سے نقاب نوچ پھینکا ہے۔ بھارتی فورسز کے ہتھکنڈے حریت پسند کشمیریوں کے جذبہ جہاد اور آزادی کو دبانے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے،حق خود ارادیت اہل کشمیر کا بنیادی حق ہے، حکومت پاکستان عالمی سطح پر کشمیر کا مقدمہ لڑنے کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے۔ وطن عزیز کا بچہ بچہ کشمیری بھائیوں،ماؤں بہنوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ ان خیالات کا اظہار قائم مقام سیکریٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان عطیہ نثار ،ڈپٹی سیکرٹریز جنرل ثمینہ سعید ،ڈاکٹر حمیراطارق ،امور خارجہ ڈاکٹرسمیحہ راحیل قاضی ،صدر وسطی پنجاب ربعیہ طارق ،صدر لاہور عظمی عمران نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ کم و بیش نصف صدی کے عرصے سے بھارت نے اہل کشمیر پر عرصہ حیات تنگ کررکھا ہے۔ سینکڑوں کشمیری جوان اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرچکے، ہزاروں اب بھی بھارتی جیلوں میں اسیر ہیں، لاتعداد ماؤں بہنوں کی عصمتیں پامال ہوچکیں مگر ان تمام ہتھکنڈوں کے باوجود اہل کشمیر کا جذبہ جہاد اور شوق شہادت سرد نہیں ہوا۔ سید علی گیلانی مرحوم کے جانشنین آج بھی اپنے جواں لہو سے میدانِ کارزار کو گرم رکھے ہوئے ہیں۔ وہ وقت دور نہیں جب ان کی جدوجہد رنگ لائے گی، بھارتی جبر کی زنجیریں ٹوٹ گریں گی اور کشمیر کی آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔ اپنے بیان میں پاکستانی حکومت کی کشمیر کاز میں سستی اور لاپرواہی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستانی حکمران عالمی سطح پر کشمیر کا مقدمہ اس طرح نہیں لڑ رہے جیسا کہ اس کا حق ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان عالمی برادری کو قائل کرے کہ وہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کو روکے اور کشمیر کو بھارتی تسلط سے آزاد کروانے کے لیے عملی اقدامات کرے۔کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کروانے کے لئے متحرک کردار ادا کرے۔
حق خود ارادیت اہل کشمیر کا بنیادی حق ہے ،عطیہ نثار

ٹیگز:
عطیہ نثار
