کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی کی صوبائی کونسل کے ممبر انجینئر ہادی عسکری نے پشاور پولیس لائنز مسجد میں خودکش دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پرافسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کا کسی بھی مذہب سے کوئی تعلق نہیں ہے وہ صرف اور صرف دہشتگرد ہیں انکے خلاف بلاتفریق کارروائی ہونی چاہئے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انجینئر ہادی عسکری نے کہاکہ پشاور پولیس لائنز میں نماز کے دوران خود کش دھماکے میں 95افرادکی شہادت اور 200سے زائد کے زخمی ہونے کے واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصراپنے مذموم مقاصد کیلئے بے گناہ افراد اور نمازیوں کو نشانہ بنارہے ہیں جن کا اسلام سمیت کسی بھی مذہب سے کوئی تعلق نہیں ہے وہ صرف اور صرف دہشت گرد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کا مطالبہ کیا ہے کیونکہ دہشت گرد ملک اورعوام کے دشمن ہیں جن کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت اور سیکورٹی ادارے بم دھماکے میں ملوث اصل ملزمان اورانکے سہولت کاروں کا پتہ لگاکرانہیں منطقی انجام تک پہنچائیں اورعوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے موثراور عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے خود کش دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے تعزیت اورزخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
پشاور پولیس لائنز مسجد میں خودکش دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پرافسوسناک ہے ، انجینئر ہادی عسکری

ٹیگز:
انجینئر ہادی عسکری
