کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) الیکشن کمیشن آف پاکستان کوئٹہ اور لسبیلہ کے بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان ماہ جون کے آخری ہفتے میں کریگا جبکہ صوبے کے حالیہ بلدیاتی انتخابات کے دوران 6پولنگ سٹیشنوں پر انتخابی عمل میں بے جا مداخلت کے واقعات کے ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے، تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آ ف پاکستان کا اہم اجلاس چیف الیکشن کمشنر آ ف پاکستان سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں منعقد ہوا۔ جس میں ممبران الیکشن کمیشن کے علاوہ، سیکرٹری الیکشن کمیشن اور دیگر افسران نے شرکت کی۔الیکشن کمیشن کو صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد پر بھی بریف کیا گیا الیکشن کمیشن نے صوبہ بلوچستان میں 29مئی 2022 کوہونے والے انتخابات کے انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا اور حکم دیا کہ جن 6پولنگ سٹیشنوں پر انتخابی عمل میں بے جا مداخلت ، انتخابی سامان کا چھیننا، بیلٹ پیپروں کو جلانا اورپولنگ سٹاف کو یرغمال بنانے کے واقعات ہوئے ہیں ان تمام ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔الیکشن کمیشن نے حکم دیا کہ بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، لسبیلہ کے تمام کونسلوں کے لئے جبکہ دْکی، مستونگ، جعفرآباد، کی رہ جانے والے یونین کونسلز اور ژوب میونسپل کمیٹی کے لئے الیکشن شیڈول جون 2022کے آخری ہفتہ میں جاری کیا جائے گا الیکشن کمیشن نے حکم دیا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول فوری طور پر جاری کیا جائے اسی طرح صوبہ سندھ کے بلدیاتی انتخابات جاری شدہ شیڈول کے مطابق ہونگے۔ اس سلسلیمیں صوبائی الیکشن کمشنر کو حکم دیا گیا کہ تمام انتظامات کی بروقت تکمیل کویقینی بنایا جائے۔سیکرٹری الیکشن کمیشن نے ملک میں جاری انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی اور ابتدائی انتخابی فہرستوں کی ڈسپلے سنٹرز پر اشاعت سے متعلق بریفنگ دی۔ اس موقع پر الیکشن کمیشن نے تمام صوبائی الیکشن کمشنر وں کو حکم دیا کہ عوام الناس کو انتخابی فہرستوں کی ڈسپلیکے دوران تما م اہل ووٹروں کے اندارج، درستگی اور اگرکوئی ووٹر اپنا ووٹ اپنے شناختی کارڈ کے مستقل یا عارضی پتہ کے مطابق تبدیل کروانا چاہتا ہے تو انہیں ہر ممکن سہولت مہیا کی جائے۔ اور انہیں ضروری طریقہ کار سے بھی آگاہی فراہم کی جائے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کوئٹہ اورلسبیلہ کے بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان ماہ جون کے آخری ہفتے میں کریگا

ٹیگز:
الیکشن کمیشن
