خضدار(ڈیلی گرین گوادر)خضدار میں ہفتہ صفائی مہم کا آغاز کردیا گیا، اسسٹنٹ کمشنر خضدار محمدجان جمالدینی اور چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن خضدار وڈیرہ محمد صالح جاموٹ نے این 25شاہراہ سے متصل ایریا چمروک کے مقام پر از خود جھاڑو لگا کر صفائی مہم کا آغاز کردیا۔اس موقع پر میونسپل کارپوریشن کے درجنوں ورکرز موجود تھے۔چیف سیکریٹری بلوچستان اور سیکریٹری بلدیات کی خصوصی ہدایت پر پورے بلوچستان میں صفائی مہم پر عملدرآمد کیا جارہاہے۔ اس سلسلے میں آج خضدار میں بھی صفائی مہم کا آغاز کردیا گیا۔خضدار بازار کے تمام چوک و چوراہوں کی صفائی کی جائیگی اور مضافاتی علاقوں و محلہ جات کو بھی صفائی پروگرام میں شامل کیا جائیگا۔ خضدار میں ہفتہ صفائی مہم کے آغاز پر چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن خضدار وڈیرہ محمد صالح جاموٹ نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ چیف سیکریٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی اور سیکریٹری بلدیات دوستین جمالدینی کی ہدایات کی روشنی میں خضدار میں صفائی مہم کا آغاز کردیا گیا ہے اسسٹنٹ کمشنر خضدار محمد جان جمالدینی اس صفائی مہم کی نگرانی کررہے ہیں اور آج صفائی مہم کے افتتاح کے موقع پر وہ ہمارے ساتھ موجود ہے۔ہفتہ صفائی مہم میں کے ایم سی کے ورکرز بڑی تعداد میں حصہ لے رہے ہیں جنہیں دستیاب مشینریز کی مدد بھی حاصل ہے انہوں نے کہاکہ خضدار میں صفائی مہم کو کامیاب بنانے کے لئے تاجربرادری اور عام شہریوں کا تعاون بھی درکار ہوگا وہ ہمارے نمبرز پر رابطہ قائم کرکے میونسپل کارپوریشن کے صفائی عملے کی خدمات حاصل کرسکیں گے۔ہماری کوشش ہوگی کہ خضدار شہر کی نظافت کو اس حد تک بہتر بنائیں کہ شہری از خود اس کی معترف رہیں یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ میونسپل کارپوریشن کا عملہ پہلے سے متحرک اور روزانہ کی بنیاد پر خضدار میں صفائی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ کمشنر قلات ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر خضدار کی نگرانی میں شہر کی صفائی کی جارہی ہے ہم نے کبھی بھی شہریوں اور تاجر برادری کو اس کا احساس نہیں دلایا ہے کہ وہ صفائی سے متعلق شکوہ یا شکایات کریں بلکہ دن اور رات کی اوقات میں میونسپل کارپوریشن کا عملہ بھر پور انداز میں صفائی مہم میں حصہ لے رہا ہے اور کچرے اٹھائے جاتے ہیں سیوریج لائنوں کی صفائی کی جاتی ہے یہ سلسلہ روزانہ کی بنیاد پر جاری رہتاہے اب ہفتہ صفائی مہم کے دوران شہر کی خوبصورتی میں مذید اضافہ ہوگا۔
خضدار میں صفائی مہم کو کامیاب بنانے کے لئے تاجربرادری اور عام شہریوں کا تعاون بھی درکار ہوگا،محمد جان جمالدینی

ٹیگز:
محمد جان جمالدینی
