کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) سینئر سیاست دان وسابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے گوادر اور مکران کے سیاسی کارکنوں کی جدوجہد کو مثال قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی جدوجہد بلوچستان کے عام سیاسی کارکنوں کیلئے مشعل راہ ہے،بلوچستان بھر کے سیاسی کارکن ایک متحد ہ جدوجہد کے ذریعے بلوچستان کو محرومیوں، پسماندگی،ظلم وجبر سے باہر نکالیں۔یہ بات انہوں نے ہفتے کے روزوفد کے ہمراہ اسیر بلوچ سیاسی رہنماء واجہ حسین واڈیلہ، عبدالحفیظ کیازئی،شریف میا داد،یعقوب جوسکی، وسیم صمدسمیت دیگر سیاسی کارکنوں سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفد میں سابق وفاقی وزیر میر ہمایوں عزیز کرد، سید اختر شاہ کھرل، ظاہر خان دومڑ، میر بجار میروانی، رحیم ترین، دین محمدرئیسانی ودیگرشامل تھے۔ نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے واجہ حسین واڈیلہ اور ان کے گرفتار سیاسی رہنماؤں و کارکنوں کی خیریت دریافت کرتے ہوئے ان سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے مزید کہاکہ ایک ایسے عہد میں جہاں نام نہاد سیاسی کارکن اور سیاسی مخبر سیاست کے نام پر ٹھیکیداری اور کمیشن خوری میں مصروف ہیں وہاں مکران اور گوادر کے سیاسی کارکنوں نے اپنے حقوق کیلئے جدوجہد کی نئی مثال قائم کی ہے ان کی جدوجہد بلوچستان کے عام سیاسی کارکنوں کیلئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مکران اور گوادر کے سیاسی کارکنوں نے مصائب مشکلات اور تکالیف برداشت کرکے صوبے کو سیاسی مایوسی سے نکالنے کی راہ متعین کی ہے جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتاہوں، انہوں نے کہاکہ بلوچستان بھر کے سیاسی کارکن متحدہ جدوجہد کے ذریعے بلوچستان کو محرومیوں، پسماندگی،ظلم وجبر سے باہر نکالیں اگر بلوچستان کے سیاسی کارکن عوامی جدوجہد کو لیکر آگے نہیں بڑھے تو جیسے سیاسی مخبروں نے ریکوڈک اور گوادر کو فروخت کیا، صوبے کا بچا کھچا اختیار اور وسائل بھی فروخت کرکے بلوچستان کو دائمی غلامی اور محکومی کے گڑھے میں دھکیل دیں گے اور ہماری آئندہ نسلیں جو ترقی اور خوشحالی کا خواب دیکھ رہی ہیں اس سے بھی محروم ہوجائیں گے۔
بلوچستان بھر کے سیاسی کارکن ایک متحد ہ جدوجہد کے ذریعے بلوچستان کو، پسماندگی،ظلم وجبر سے باہر نکالیں ، حاجی لشکری رئیسانی

ٹیگز:
حاجی لشکری رئیسانی
