کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) وفاق المدارس العربیہ بلوچستان کے زیر تقریب صوبائی مسابقہ کامل الحفظ مع التجوید سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبد الرحمن رفیق نے کہا کہ قرآن مجید ہی پوری انسانیت کیلئے رشد و ہدایت کا خوبصورت ذریعہ ہے۔ مدارس انسانی زندگی کے وہ حسین باغ ہیں جہاں صرف کامیابی وکامرانی کے پھول کھلتے ہیں مدارس جمالات وکمالات کا عظیم منبع ہیں، اور وہ عظیم کارخانے ہیں جہاں انسان کو انسانیت سکھائی جاتی ہے تقریب سے وفاق المدارس العربیہ شعبہ حفظ کے مسؤل قاری غلام رسول ربانی،مولانا عبداللہ،قاری محمد انور،مولانا خدائے داد اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ مسابقہ میں صوبہ بھر کے پوزیشن ہولڈر حفاظ نے خوش الحان تلاوت اور بہترین تجوید کے ذریعے سامعین کے کانوں میں رس گھولتے ہوئے زبردست داد وصول کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبد الرحمن رفیق نے کہا کہ قرآن مجید واحد ایسی کتاب کے جو پوری انسانیت کیلئے رشد وہدایت کا ذریعہ ہے اللہ تعالی نے اس کتاب ِہدایت میں انسان کو پیش آنے والیتما م مسائل کو تفصیل سے بیان کردیا ہے۔مسلمانوں کی دینی معاشرتی زندگی کا انحصار اس مقدس کتاب سے وابستگی پر ہے اور یہ اس وقت تک ممکن نہیں جب تک اسے پڑ ھا اور سمجھا نہ جائے۔ قرآن کریم کا یہ اعجاز ہے کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن کی حفاظت کا ذمہ خود لیا۔اور قرآن کریم ایک ایسا معجزہ ہے کہ تمام مخلوقات مل کر بھی اس کی مثال پیش کرنے سے قاصر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں نسل نو کو انتہائی ذمہ داری کے ساتھ پڑھانے کے ساتھ ساتھ انہیں سماج میں امن وسکون اور تہذیب سے جینے کے طریقہ کار سے واقف کرایا جاتا ہے، بدقسمتی سے ہر دور کے حکمرانوں نے این جی اوز سے رقم کے حصول کے عوض مدارس دینیہ کوزیرعتاب رکھ ملک کی اساس اور بنیاد کی کھلی خلاف ورزیاں کیں، عمران خان نے مغرب کی خوشنودی کیلئے مدارس اور مساجد پر قبضہ جمانے کی خاطروقف املاک ایکٹ کے نام پر ڈرامے کئے۔ انہوں نے کہا کہ مدارس کا نظام چوبیس گھنٹے عوام کے سامنے ایک صاف شیشے کی مانند موجود رہتا ہے جس کو عوام دن میں پانچ مرتبہ نماز کی ادائیگی کی صورت میں فیض حاصل کرتے ہیں۔ جہاں سے تعلیم کی روشنی کا کنکشن ہے یہ اگر بند ہوگئے تو معاشرہ جہالت کے بوجھ تلے نیست نابود ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم اوراکابرین کی جدوجہد کے نتیجے میں ہر طرف بے اعتدالی اور بے اطمینانی کا پر خطر ماحول کو پسپا ہونا پڑا اور اسلامی تعلیمات کے دشمنوں کو شکست فاش نصیب ہوئی۔ بدقسمتی سے پاکستان میں ایک خاص طبقہ مدارس کے متعلق غلط فہمی میں مبتلا ہے۔تقریب کے اختتام پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں انعامات تقسیم کئے گئے۔
مدارس انسانی زندگی کے وہ حسین باغ ہیں جہاں صرف کامیابی وکامرانی کے پھول کھلتے ہیں ، مولانا عبد الرحمن رفیق

ٹیگز:
مولانا عبد الرحمن رفیق
