تربت(ڈیلی گرین گوادر) نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سابق وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ مکران بارڈر پر ہونے والے تجارتی سرگرمیوں میں رکاوٹ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزراء اور انتظامیہ کی ملی بھگت سے قائم بارڈر کمیٹی کرپشن و بھتہ کا بنیادی ذریعہ ہے۔ مکران بارڈر پر ٹوکن سسٹم اور رکاوٹیں ختم کی جائیں۔ ان خیالات کا اظہار نہوں نے تربت بارڈر پر کام کرنے والے گاڑی مالکان کے سربراہ حاجی ناصر پلی زئی، میران بلوچ، ملا منیر، خدا بخش، مبارک بلوچ، شے مرید یاسین، کہدہ دوستین، یعقوب کوہی، عبدالواحد بلوچ، رحمت اللہ بلوچ، سعید بلوچ، محمد انور بلوچ، عبدالواحد لعل محمد کے ساتھ ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر نیشنل پارٹی کے مرکزی سکریٹری جنرل جان محمد بلیدی، مرکزی رہنما طاہر بلوچ بھی موجود تھے۔ ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہاکہ مکران میں کاروبار کا واحد ذریعہ بارڈر ٹریڈ ہے لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ اس کاروبار میں روز نہیں مسائل و مشکلات پیدا کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ لوگوں نے بارڈر ٹریڈ کے لئے جو جدوجہد کی اس کو کرپشن کی نظر نہ کی جائے بلکہ چھوٹے گاڑی مالکان کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچانے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ گاڑی مالکان نے نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سابق وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کو بارڈر پر ہونے والے کرپشن پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہاکہ انتظامیہ کی ملی بھگت سے وزراء کی رضامندی سے جو بارڈر کمیٹی اس وقت کام کررہی ہے اس کو گاڑی مالکان کے مشکلات سے کوئی دلچسپی نہیں ہے وہ انتظامیہ کی خوشنودی اور ٹوکن کے حصول کے لئے کام کررے ہیں جس سے ہم گاڑی مالکان کا کوئی سروکار نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ بارڈر پر ٹوکن اور کرپشن کا سلسلہ ایسی طرح جاری رہا تو گاڑی مالکان اس کے خلاف شدید احتجاج کریں گے۔ انہوں نے نیشنل پارٹی کی قیادت سے کہاکہ وہ گاڑی مالکان کے احتجاج میں ان کا ساتھ دیں۔ ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے گاڑی مالکان کو یقین دلایا کہ وہ گاڑی مالکان کے احتجاج میں ان کا بھرپور ساتھ دیں گے اور ان مسائل کو مزید اجاگر کریں گے اور ان کے حل کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ روزانہ چھ سو گاڑیوں کے بجائے انتظامیہ بارہ سو گاڑیوں کو بارڈر کراس کراتا ہے ان میں چھ سو رجسٹرڈ اور باقی چھ سو کو رشوت لے کر ٹوکن جاری کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ نیشنل پارٹی کا ایک نمائندہ وفد کل کمشنر مکران اور ڈپٹی کمشنر سے ملاقات کرکے بارڈر کے مسلے کی سنگینی اور مشکلات سے حکام کو آگاہ کرے گا۔
٭٭٭٭
مکران بارڈر پر ہونے والے تجارتی سرگرمیوں میں رکاوٹ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

ٹیگز:
ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ
