کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)وفاقی وزیر مملکت برائے توانائی (پاور ڈویژن) میر ہاشم نوتیزئی نے کہاہے کہ صوبے کی اکثریت لوگوں کاروزگار بجلی سے وابستہ ہے اور صارفین کی مشکلات کاازالہ ہماری اولین ترجیح ہے، ان خیالات کااظہار انہوں نے کیسکوہیڈکوارٹرمیں کھلی کچہری اورمختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے وفد سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر کیسکوکے چیف انجینئر آپریشن شوکت علی جوگیزئی،چیف انجینئر(پلاننگ) محمدنعیم کاکڑ،چیف انجینئر (اواینڈایم) محمداقبال بڑیچ، ڈائریکٹرجنرل(ایچ آرایڈمن) کیسکوسید عزیر علی حسنی، پراجیکٹ ڈائریکٹر کنسٹرکشن کلیم اللہ جوگیزئی،ایکسئن کنسٹرکشن(آر ای ڈی) سید آصف شاہ سمیت کیسکوکے متعلقہ سینئر افسران بھی موجود تھے۔ کھلی کچہری اورعوامی وفودسے گفتگوکرتے ہوئے وفاقی وزیر مملکت برائے توانائی ہاشم نوتیزئی نے کہاکہ صوبہ کے عوام کی بجلی سے متعلق مسائل کو دیکھتے ہوئے انھیں ہرممکن حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں انہوں نے کہاکہ صوبے میں برقی لائنوں کی بہتری اوراپ گریڈیشن کے متعدد منصوبے زیر تکمیل ہونے کے ساتھ ساتھ نئے پراجیکٹس بھی شروع کئے جارہے ہیں تاکہ صارفین کو مستحکم وولٹیج کے ساتھ بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔ میر ہاشم نوتیزئی نے کہاکہ بجلی کے ڈسٹری بیوشن لائنوں کی توسیع وتجدید سمیت دیہاتوں کو بجلی کی فراہمی کے لئے بھی مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے جن کی تکمیل سے بلاشبہ صوبہ کے عوام کو خاطرخواہ ریلیف مل سکے گا۔ اس موقع وفاقی وزیر مملکت برائے توانائی میر ہاشم نوتیزئی نے پراجیکٹ ڈائریکٹر کنسٹرکشن کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کے جاری ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ مختلف علاقوں میں بجلی کی موجودہ صورتحال اور وولٹیج کی کمی بیشی جیسے مسائل پر قابو پایا جا سکے انہوں نے صارفین کی شکایات کے جلدازالے کیلئے متعلقہ ایس ای اور ایکسئن کو عوامی مسائل کو کم سے کم وقت میں حل کرنے کیلئے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ صارفین کے بجلی سے متعلق مسائل میں خاطرخواہ کمی لائی جائے اور اُنھیں مزیدبہترسہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات اٹھائیں۔ قبل ازیں عوامی نمائندوں پرمشتمل وفودنے وفاقی وزیر مملکت برائے توانائی اورکیسکوکے اعلیٰ حکام کو بجلی سے متعلق اپنے مسائل کے بارے میں تحریری درخواستیں بھی پیش کیں جس پر انہوں نے کیسکوکے افسران کو فوری طورپر اقدامات اُٹھانے کے لئے ہدایات جاری کیں۔
وفاقی وزیر مملکت برائے توانائی میر ہاشم نوتیزئی سے مختلف وفود کی کیسکوہیڈکوارٹرمیں ملاقات

ٹیگز:
ملاقات
