کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان نیشنل پارٹی کے زیراہتمام پارٹی کے شہید رہنماء اور کراچی کے سابق ضلعی صدر زاہد حسین بلوچ کی 12ویں برسی کی مناسبت سے تعزیتی جلسہ کلی جتک آباد لوڑ کاریز میں پارٹی کے سرکردہ رہنماء حاجی میر لعل محمد جتک کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا جلسے کی صدارت شہید رہنماء کی تصویر سے کرائی گئی جبکہ مہمان خاص پارٹی کے مرکزی لیبر سیکرٹری موسیٰ بلوچ،اعزازی مہمان سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر ضلعی صدر غلام نبی مری تھے۔شہید زاہد حسین بلوچ شہداء بلوچستان اور دنیا کے تمام محکوم ومظلوم اقوام اور طبقات کے قومی حقوق کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کی عظیم قربانیوں کی یاد میں ایک منٹ کھڑے ہوکر خاموشی اختیار کی گئی،تلاوت کلام پاک کی سعادت پارٹی کے بزرگ رہنماء مولانا محمد عیسیٰ بلوچ نے حاصل کی جبکہ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض ضلعی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر علی احمد قمبرانی نے سرانجام دی جلسے سے پارٹی کے مرکزی لیبر سیکرٹری موسیٰ بلوچ، سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین وضلعی صدر غلام نبی مری،آغا خالد شاہ دلسوز،حاجی ولی محمد لہڑی،ضلعی انفارمیشن سیکرٹری نسیم جاویدہزارہ،ضلعی فنانس سیکرٹری میر محمداکرم بنگلزئی،حاجی ابراہیم پرکانی،حاجی میر لعل محمدجتک، صدام حسین جتک اور ملک صحبت خان جتک نے خطاب کرتے ہوئے شہید زاہد حسین بلوچ کے کراچی کے بلوچوں کی قومی شناخت،وجود،بقاء،سلامتی،وہاں بلوچوں کو متحد ومنظم کرنے کی خاطر قومی حقوق کے جمہوری جدوجہد کی خاطر ناقابل فراموش جدوجہد اور قربانیوں کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ وہ پارٹی کاایک نڈر،دلیر،مخلص اور سچے رہنماء تھے جنہوں نے ہمیشہ وقت کراچی کے قدیم ترین بلوچ علاقوں لیاری،ملیر ودیگر میں آباد بلوچوں کی فلاح وبہبود،ترقی وخوشحالی اور قومی سیاسی شعوری طورپر جدوجہد کیلئے ہمہ وقت مصروف تھے جن کی قربانیاں بلوچوں کیلئے مشعل راہ کی حیثیت رکھتے ہیں اور انہوں نے اس جدوجہد میں اپنی جان کانذرانہ بھی پیش کردیا،ڈیرہ جات،راجن پور،مائی کولاچی،خان گڑھ تاریخی طورپر بلوچستان کے تہذیبی،ثقافتی،سرزمین ہے اور یہ بلوچستان کے آٹوٹ آنگ ہے ان علاقوں کو ایک سوچے سمجھے سازش کے تحت انتظامی طورپر بلوچستان سے الگ کرنے کی کوشش کی گئی کیونکہ ڈیرہ جات معدنی دولت اور مائی کولاچی اہمیت کی حامل علاقے ہیں۔ایک سوچے منصوبے کے تحت بلوچوں کو تقسیم کرکے ان کی شناخت اور وجود اور وسائل کو لوٹنے کی کوشش کا سلسلہ ہنوز جاری ہے لیکن بی این پی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ جنہوں نے جیونی سے لیکر کوہستان مری،ڈیرہ جات،مائی کولاچی،خان گڑھ کے بلوچوں کو متحد کرنے میں روز اول سے لیکر آج تک جدوجہد کرتے چلے آرہے ہیں یہ بیڑہ بی این پی نے اٹھایاہے جو حقیقی معنوں میں بلوچوں کی قومی نمائندہ جماعت ہے۔انہوں نے کہاکہ آج ایک سوچے سمجھے سازش اور منصوبے کے تحت نام نہاد قوم وطن ودوست مذہبی اور جمہوری پارٹیاں بی این پی کے خلاف ہرزہ سرائی میں مصروف ہیں دروغ گوئی،من گھڑت،بے بنیاد الزامات کے ذریعے بی این پی کو زیر کرنے کی کوشش کرکے دراصل بااختیار قوتوں کی خوشنودی اور یہاں کی عوام کو دھوکہ دینے کی ناکام کوششیں کررہے ہیں۔بی این پی کا بیانیہ اصولی،موقف،جدوجہد اور قربانیاں یہاں کی عوام کے سامنے ایک کھلی کتاب کی مانند ہے جس سے انکاری قوتیں سورج کو انگلی سے چھپانے کی کوشش کررہے ہیں،حالانکہ ہمارے ان جماعتوں سے کوئی مقابلہ نہیں ہے ہمارا مقابلہ ان بااختیار قوتوں سے ہے جنہوں نے گزشتہ 74سالوں سے لیکر آج تک بلوچ قوم اور بلوچستانی عوام کو محکوم بنا کررکھاہے اور بلوچستان کے ساحل وسائل کو بے دریغ،لوٹ کھسوٹ،انسانی حقوق کی پامالیوں،دیگر ظلم وجبر ناانصافیوں میں مصروف عمل ہیں۔نیپ کے بعد قومی اسمبلی،صوبائی اسمبلی اور سینیٹ میں جس انداز میں پارٹی کے قیادت اور رہنماؤں نے بلوچ قومی سوال کو اجاگر کیاہے اس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتا پاکستان کے تمام سیاسی قیادت دانشور اور میڈیا کے دوست پارٹی کے اس موقف کو ڈھنکے کی چھوٹ پر تسلیم کرتے چلے آرہے ہیں کہ آج بلوچستان کے مسئلے کو جس انداز میں بی این پی اور اس کی قیادت نے اجاگر کیاہے یہ ہر شخص کے بس کی بات نہیں ہے بی این پی نے اقتدار کی بجائے بلوچستان کے قومی اجتماعی مسائل کو اولیت دی ہے کیونکہ ہم سیاست کو عبادت کا درجہ دیتے ہیں ہماری سیاست میں پارٹی کے 100کے قریب سرکردہ رہنماؤں اور کارکنوں کی لہو بھی شامل ہے جس میں حبیب جالب بلوچ سے لیکر شہید زاہد حسین بلوچ کی شہادت شامل ہیں ہمارے لئے گروہی ذاتی مفادات کوئی اہمیت نہیں رکھتا۔اس موقع پر پارٹی کے ضلعی سینئر نائب صدر ملک محی الدین لہڑی،ضلعی نائب صدر طاہر شاہوانی ایڈووکیٹ، ضلعی انسانی حقوق سیکرٹری پرنس رزاق بلوچ سمیت پارٹی کے دیگر علاقائی رہنماء وعہدیداران وکارکنان کثیر تعداد میں موجود تھے۔
زاہد حسین بلوچ پارٹی کے ایک نڈر،دلیر،مخلص اور سچے رہنماء تھے، بلوچستان نیشنل پارٹی

ٹیگز:
بلوچستان نیشنل پارٹی
