کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کی ایگزیکٹو کمیٹی نے سینئر صحافی و اینکر ارشد شریف کے کینیا میں قتل کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اعلی سطحی جامع تحقیقات کراکے رپورٹ جلد از جلد دی جائے کینیا حکومت سے ملزمان کیخلاف سخت کارروائی کرنے کا بھی مطالبہ کیا جائے۔بی یو جے کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس صدر عرفان سعید کی زیر صدارت کوئٹہ پریس کلب میں منعقد ہوا جنرل سیکرٹری منظور احمد سمیت کابینہ کے دیگر عہدیداران اور اراکین نے شرکت کی اجلاس میں سینئر صحافی و اینکر ارشد شریف کو کینیا میں قتل کئے جانے والے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ اور مطالبہ کیا گیا ہے کہ واقعے کے بعد مختلف سوالات اٹھ رہے ہیں جن کا جواب ضروری ہے حکومت بیرون ملک واقعہ، ارشد شریف کے ملک چھوڑنے کی وجوہات سمیت مختلف پہلووں پر اعلی سطح کی جوڈیشنل انکوائری کرائے جو رپورٹ جلد پیش کرے تاکہ ارشد شریف کے خاندان اور صحافی برادری کو اطمینان آئے اور واقعے میں ملوث ملزمان کو سزا ہو۔ بی یو جے کابینہ نے ارشدشریف کی میت سے متعلق توہین آمیز ٹویئٹ پر مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے بیان کو قابل نفرت قرار دیتے ہوئے شدید الفاظ میں مذمت کی اراکین نے کہا کہ مریم نواز نے غلط موقع پر نفرت انگیز بیان دے کر ارشد شریف کے خاندان کے زخموں پر نمک پاشی کی، اس بیان سے صحافیوں میں بھی شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ بی یو جے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے واقعے سے متعلق پی ایف یو جے کے فیصلوں کا انتظار ہے مرکزی قیادت احتجاج سمیت جو لائحہ عمل اپنائے گی بی یو جے بھرپور حمایت اور عملدرآمد کرے گی۔اجلاس میں ارشد شریف کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی اور پسماندگان سے تعزیت کا اظہار کیا گیا۔
ارشد شریف کے ملک چھوڑنے کی وجوہات سمیت مختلف پہلووں پر اعلی سطح کی جوڈیشنل انکوائری کرائے، بی یو جے

ٹیگز:
بی یو جے
