اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) قومی اسمبلی نے جبری گمشدگیوں سے متعلق فوجداری قوانین ترمیمی بل 2022 منظور کرلیا۔وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے فوجداری قوانین ترمیمی بل 2022ء ایوان میں پیش کیا جب کہ حکومتی اتحادی جماعتوں جے یو آئی (ف)، بی این پی (مینگل) اور ایم کیو ایم کے علاوہ جماعت اسلامی نے بل میں شکایت کنندہ پر 5 سال سزا کی شق پر اعتراض اٹھایا۔
رکن اسمبلی اختر مینگل نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جبری گمشدگی پورے پاکستان کا مسئلہ ہے۔ لاپتا افراد کے معاملے پر خوف کی وجہ سے کوئی ایف آئی آر کاٹنے کو تیار نہیں۔ شکایت کنندہ پر الزام ثابت نہ ہونے پر 5 سال قید نا انصافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاپتا افراد کی برآمدگی کے بجائے لواحقین کو ان کی لاشیں دی جا تی ہیں۔ بی این پی (مینگل) نے شکایت کنندہ کیخلاف سزا تجویز کرنے کی شق بل سے نکالنے کا مطالبہ کیا۔

