کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنماوں نے سانحہ کار ساز کے شہداء کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نہ کبھی شہادتوں سے ڈرے ہیں اور نہ ہی آئندہ ڈریں گے پیپلز پارٹی غریب پرور جماعت ہے ہم نے ہمیشہ روٹی،کپڑا اور مکان کی بات کی ہے عوام کے حقوق کیلئے ہر قسم کی قربانی کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں، آنے والادور پیپلز پارٹی کا ہے بلوچستان کے ہر کونے میں جیئے بھٹو کے نعرے گونجیں گے،عمران نیازی اقتدار چلے جانے کے بعد اپنا ذہنی توازن کھوچکے ہیں اور وہ مسلسل اداروں اور ملک کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں عوام اب انکے بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔ یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ،سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی، خواتین ونگ کی صوبائی صدر و سابق صوبائی وزیر غزالہ گولہ،سابق سینیٹر نوابزادہ سیف اللہ مگسی،ثناء اللہ جتک، درمحمد ہزارہ،ضلع کوئٹہ کے صدر میرنصیب اللہ شاہوانی، اقلیتی ونگ کے صوبائی صدر جعفر جارج،پیپلز لیبرونگ کے صوبائی صدرشاہجہان گجر،ماہ جبین جمالی، سید ایوب آغا، ثناء درانی،سفر ندیم، کلثوم افتخار، شہزادہ کاکڑ، پروین مینگل، عابدہ بلوچ، سکینہ عبداللہ، زمرشاہ خواجہ خیل،رابعہ خواجہ خیل، ہاشم کاکڑ،جہانگیر بلوچ، نرگس عبداللہ اوردیگر نے پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ کے زیراہتمام سانحہ کارسازکے شہدا کی برسی کی مناسبت سے کوئٹہ پریس کلب میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے شہدا کو کبھی بھی نہیں بھولیں گے اور شہدا کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے ان کا مشن آگے بڑھانے کا عزم کررکھا ہے۔انہوں نے کہاکہ 18اکتوبر کو شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے ملک میں واپس آنے پر پورے پاکستان کے شہریوں میں خوشی کی کیفیت تھی کہ اب ان کا مسیحا آ گیا ہے جو پاکستان کی عوام، مزدوروں، کسانوں کو غربت سے نجات دلائے گا۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی بنیادوں میں ہماری قیادت اور کارکنوں کا خون شامل ہے آج کے دن شہید بی بی ان اور انکے جانثاروں نے آمر کا مقابلہ کیاہم جانیں دے کر بھی میدان میں کھڑے ہیں اور آمر مشرف بھاگا پھر رہا ہے، آمروں نے ہمیشہ طوالت اقتدار کی خاطر جمہوریت پسندوں کا خون بہایا ہے پی پی پی کی قیادت اور کارکنوں نے ہر آمریت کے خلاف خون کا نذرانہ دیا ہماری منزل ایسا پاکستان ہے جہاں بلا امتیاز رنگ، نسل، مذہب و جنس سب پاکستانی برابر ہوں، چیئرمین بلاول بھٹو کی قیادت میں ترقی پسند اور روشن خیال پاکستان کی طرف سفر جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ اٹھارہ اکتوبر جمہوریت کے سفر میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اس دن پاکستان پیپلز پارٹی کے لاکھوں کارکنوں نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کا وطن واپسی پر استقبال کرکے اور اس سانحہ میں پیپلز پارٹی کے سینکڑوں کارکنوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر یہ ثابت کردیا کہ ہم ملک میں جمہوریت کے سوا کوئی دوسرا نظام نہیں چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آمروں نے ہمیشہ جمہوریت کو کچلنے کی کوشش کی ہے مگر پاکستان کے غیور عوام نے ان پر کبھی اعتماد نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے نہ کبھی جیلوں کی پرواہ کی ہے اور کوڑے کھانے میں پیچھے ہٹے ہیں بلکہ اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر انہوں نے اپنے خون سے جمہوریت کے پودے کو سینچا ہے آج پاکستان میں جمہوری اقدار کی پاسداری صرف پاکستان پیپلز پارٹی کی مرہون منت ہے۔انہوں نے کہا کہ اٹھارہ اکتوبر کا دن قومی سانحہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا جب پاکستان کی بہادر بیٹی شہید بی بی نے اپنی جان کی پرواہ کیئے بغیر وطن کی مٹی پر قدم رکھا اور آمروں کو کھلا پیغام دیا کہ ہم کسی سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔انہوں نے سانحہ کار ساز کے شہداء کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور عمران نیازی اقتدار کھو جانے کے بعداپنی ذہنی توازن کھوچکے ہیں اور وہ مسلسل ملک اور قومی اداروں کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں ضمنی انتخابات میں ملتان اور کراچی میں عوام نے پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرکے یہ ثابت کردیا ہے کہ پیپلز پارٹی عوام کے دلوں میں بستی ہے اور عوام کی دلوں سے پیپلزپارٹی کی محبت کو کوئی نہیں نکال سکتا۔انہوں نے کہا کہ عمران نیازی ملک کیلئے سیکورٹی رسک بن چکے ہیں اگر انکا فوری طور پر راستہ نہ روکا گیاتو ملک کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔انہوں نے امریکی صدر بائیڈن کے پاکستان کے ایٹمی اثاثوں کے بارے میں بیان کو پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ایٹمی اثاثے اپنے ملک کے دفاع کیلئے ہیں اورپاکستان انکا تحفظ کرنااچھی طرح جانتا ہے پاکستان کے ایٹمی اثاثوں سے کسی کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔
ہم نہ کبھی شہادتوں سے ڈرے ہیں اورنہ ہی آئندہ ڈریں گے پیپلز پارٹی غریب پرورجماعت ہے، روزی خان کاکڑ

ٹیگز:
روزی خان کاکڑ
