اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کر دی۔پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ کے تحت درج مقدمہ میں ضمانت کی درخواست دائر کی، عمران خان آج اسپیشل جج سینٹرل عدالت میں پیش ہوں گے
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ ایف آئی اے نے اختیار کا غلط استعمال کرتے ہوئے جلد بازی میں مقدمہ درج کیا، الیکشن کمیشن رپورٹ کی بنیاد پر مقدمہ درج کیا گیا جسے ہائی کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے جبکہ الیکشن کمیشن کی رپورٹ حقائق کے منافی اور متعصب ہے۔
درخواست گزار کے مطابق عمران خان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے پیچھے سیاسی مخالفین کا ایجنڈا چھپا ہوا ہے، ایف آئی اے نے بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ کی تضحیک کے لیے مقدمہ درج کیا جو بدنیتی پر مبنی ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ ایف آئی اے کی جانب سے چھ اکتوبر کو درج کیے گئے مقدمہ میں ضمانت قبل از گرفتاری منظور کی جائے جبکہ ضمانت قبل از گرفتاری کی کنفرمیشن تک عبوری ضمانت منظور کی جائے۔واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی کل تک حفاظتی ضمانت منظور کر رکھی ہے جبکہ ممنوعہ فنڈنگ کیس پر ایف آئی اے نے مقدمہ کر رکھا ہے۔

