کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء وفاقی وزیر اوورسیزپاکستانیز ساجد حسین طوری نے کہا ہے کہ مزدوروں کو بے روزگاری سے بچانا ہماری اولین ترجیح ہے،سیلاب سے 36 لاکھ سے زائد پاکستانی لیبرز و ورکرز بے روزگار ہوئے ہیں،سیلاب سے متاثرہ مزدوروں کو بروقت امداد کی فراہمی ضروری ہے تاکہ وہ اپنے پاؤں پر کھڑے ہو سکے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو سیلاب زدہ علاقہ ہنہ اوڑک کے دورے کے موقع پر گفتگو کر تے ہوئے کہی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر لیبرز نوابزادہ گہرام خان بگٹی، آئی ایل او کا وفد اورآل پاکستان لیبرز فیڈریشن کے عہدیداران،پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے عہدیداران و دیگر سماجی و سیاسی شخصیات موجود تھے۔وفاقی وزیر ساجد حسین طوری سیلاب زدگان سے ملے اور سیلاب سے تباہ کاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے ہنہ اوڑک بلوچستان میں آئی ایل او کے پراجیکٹ کیش فار ورک کا آغاز کیا۔وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے کہا کہ بلوچستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں دیکھ کر دلی دکھ و افسوس ہو رہا ہے سیلاب سے 36 لاکھ سے زائد پاکستانی لیبرز و ورکرز بے روزگار ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یومیہ اجرت اور صنعتی مزدور سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں میری وزارت اور آئی ایل نے ملکر کیش فار ورک کا آغاز کیا ہے کیش فار ورک کے تحت مزدور اپنے گھروں کی بحالی پر کام کرینگے جسکا انکو یومیہ اجرت ادا کیا جائیگا۔ انہوں نے کہاکہ مزدوروں کو بے روزگاری سے بچانا ہماری اولین ترجیح ہے میں آئی ایل او کا مشکور ہوں جو مزدوروں کو بروقت روزگار فراہم کرنے میں مدد فراہم کرنے کا عزم رکھتے ہیں آئی ایل او کے ساتھ ملکر متاثرہ لیبرز و ورکرز کی بحالی کا آغاز بلوچستان سے کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات ہے کہ لیبرز کی روزگار فوری بحال ہو سیلاب سے متاثرہ مزدوروں کو بروقت امداد کی فراہمی ضروری ہے تاکہ وہ اپنے پاؤں پر کھڑے ہو سکے۔ انہوں نے کہاکہ آئی ایل او سمیت بین الاقوامی محکموں کو اپنی وزارت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرواتا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ مجھے یقین ہے کہ ہمارے مزدور جلد ہی اپنے پیروں پر کھڑے ہوں گے کیونکہ ہم ان کے ساتھ ہیں ہم محنت کشوں،مزدوروں، اور معماروں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
سیلاب سے 36 لاکھ سے زائد پاکستانی لیبرز و ورکرز بے روزگار ہوئے ہیں،وفا قی وزیرساجد حسین طوری

ٹیگز:
ساجد حسین طوری
